پی ایس ایل 5 کے ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کا آغاز ہو گیا

پی ایس ایل 5 کے ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کا آغاز ہو گیا
پی ایس ایل 5 کے ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کا آغاز ہو گیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 کے ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کا آغاز ہو گیا ہے اور ابتدائی مرحلے میں کورونا وائرس کے باعث بند دروازوں کے پیچھے کھیلے گئے میچز کے ٹکٹ ری فنڈ کئے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق دومرحلوں پرمشتمل ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کا پہلا مرحلہ 13 جولائی سے پانچ اگست تک جاری رہے گا جس میں کوویڈ 19 کے سبب بند دروازوں میں کھیلے گئے 5 گروپ میچز اور 29 فروری کو راولپنڈی میں بارش کی نذر ہونے والے میچ کی ٹکٹیں ری فنڈ کی جارہی ہیں۔

ری فنڈنگ کا دوسرا مرحلہ 6 سے 29 اگست تک شیڈول کیا گیا ہے جس دوران لیگ کے ابتدائی شیڈول میں شامل کوالیفائر، 2 ایلیمنٹر اور فائنل میچ کی ٹکٹیں ری فنڈ کی جائیں گی، چھ ہفتوں پرٹکٹوں کی واپسی کا یہ عمل ملک بھرکے 27 مختلف شہروں کے مخصوص ٹی سی ایس مراکزپرپیر سے ہفتہ، صبح 10 سے سہ پہر 4 بجے تک جاری رہے گا۔

ان شہروں میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور ملتان کے علاوہ چکوال، حیدرآباد، وہاڑی، گوجرانوالہ، بھکر، ڈیرہ غازی خان، سکھر، لودھراں اور وہاڑی وغیرہ بھی شامل ہیں جبکہ ٹکٹوں کے پیسوں کی واپسی کیلئے خریدی گئی اصل ٹکٹ ان مخصوص ٹی سی ایس مراکزمیں جمع کرانا ہے اور اس مقصد کیلئے آنے والے افراد کیلئے ماسک پہننا بھی لازم ہے۔

مزید :

کھیل -PSL -PSL News Update -