37 سالہ شخص کی کورونا وائرس سے موت، اس سے پہلے اس وائرس کے بارے میں فیس بک پر کیا لکھا؟ جان کر ہر شخص اسے سنجیدہ لینا شروع کردے
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) سوشل میڈیا پر کورونا وائرس کو محض افواہ قرار دینے والا ایک اور شخص اس موذی وباءکا شکار ہو کر چل بسا۔ میل آن لائن کے مطابق امریکی ریاست اوہائیو کے شہر پورٹ کلنٹن کے رہائشی اس 37سالہ شخص کا نام رچرڈ روز تھا جو امریکی فوج میں رہ چکا تھا۔ اس نے 28اپریل کو فیس بک پر ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ ”کورونا وائرس کی وباءمحض افواہ اور شوشہ ہے جو پھیلایا جا رہا ہے۔ میں فیس ماسک نہیں خریدوں گا کیونکہ میں ایسی افواہوں پر یقین کرنے والا نہیں ہوں۔“اس پوسٹ کے چار روز بعد رچرڈ میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو گئی۔
تین روز بعد رچرڈ میں علامات انتہائی سنگین ہو گئیں جس پر اسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں 4جولائی کو اس کی موت واقع ہو گئی۔ رچرڈ صدر ڈونلڈٹرمپ کا بھی بہت بڑا مداح تھا۔ صدر ٹرمپ کے کورونا وائرس اور سیاہ فام شہری جارج فلوئیڈ کی پولیس اہلکاروں ہاتھوں ہلاکت پر جو خیالات تھے وہ ان کا کٹڑ حامی تھا۔ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے سے چند روز قبل ہی اس نے ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ ”بالآخر ہمیں ایسا صدر مل گیا ہے جو ہماری پشت پر کھڑا ہے۔ میں خوش ہوں کہ میں انہیں ’میرا صدر‘ کہہ سکتا ہوں۔“ واضح رہے کہ قبل ازیں بھی امریکہ، برطانیہ اور دیگر ممالک سے ایسے لوگوں کی خبریں آ چکی ہیں جنہوں نے سوشل میڈیا پر کورونا وائرس کو افواہ قرار دیا اور اس پر یقین کرنے والوں کا تمسخر اڑایا اور بالآخر اسی وباءکا شکار ہو کر وہ دنیا سے چل بسے۔