قومی ٹیم کے پریکٹس میچ کا کیا نتیجہ نکلا ، کس نے کتنے رنز بنائے اور کتنی وکٹیں لیں؟
وورسٹر (ڈیلی پاکستان آن لائن) وورسٹر میں قومی ٹیم کا دو روزہ انٹر اسکواڈ میچ ڈرا ہوگیا تاہم بیٹنگ اور باﺅلنگ لائن، دونوں نے ہی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس پر کوچنگ سٹاف بھی مطمئن نظر آیا۔
تفصیلات کے مطابق پریکٹس میچ کے پہلے روز پی سی بی گرین نے 8 وکٹ پر 318 رنز بنائے، بابر اعظم نے ناٹ آؤٹ 82، عابد علی نے 71 اور محمد رضوان نے 47 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ نوجوان فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی نے چار اور محمد عباس نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب پی سی بی وائٹ کی ٹیم نے 5 وکٹ پر 313 رنز بنائے، افتخار احمد 86 رنزبناکرنمایاں رہے جبکہ سابق کپتان سرفراز احمد نے 40 رنز جوڑے۔ میچ ڈراءہونے اور وورسٹر میں اپنے قرنطینہ کی 14 روزہ مدت مکمل کرنے کے بعد پاکستان کا سکواڈ کیمپ کے دوسرے مرحلے کیلئے ڈربی شائر پہنچ گیا ہے۔
انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کی غرض سے انگلینڈ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم ڈربی شائر میں تین، تین گھنٹوں پر مشتمل 2 ٹریننگ سیشنز میں شرکت کرے گی۔ یہ سیشنز برطانوی وقت کے مطابق صبح 10 اور دوپہر 2 بجے شروع ہوں گے۔