مانچسٹر سٹی پر عائد 2 سالہ پابندی ختم، جرمانہ بھی کم کر دیا گیا
مانچسٹر (ڈیلی پاکستان آن لائن) یوئیفا کی جانب سے انگلش فٹ بال کلب مانچسٹر سٹی پر عائد دو سالہ پابندی کی سزا کورٹ آف آربیٹریشن فور سپورٹس نے ختم کر دی ہے اور یوں مانچسٹر سٹی چیمپینز لیگ کے اگلے سیزن میں شرکت کی اہل ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورٹ آف آربیٹریشن فور سپورٹس نے مانچسٹر سٹی پر عائد دو سالہ پابندی ختم کردی ہے اور اس کیساتھ ہی سی اے ایس نے برطانوی کلب پر عائد یوئیفا کی طرف سے لگایا گیا جرمانہ بھی کم کر دیا ہے۔ یوئیفا نے مالی معاملات میں شفافیت نہ ہونے پر مانچسٹر سٹی پر رواں سال فروری میں دو سال کی پابندی عائد کی تھی اور 30 ملین یورو جرمانہ لگایا تھا۔
کورٹ آف آربیٹریشن فور سپورٹس نے جرمانہ بھی کم کر کے 10 ملین یورو کردیا ہے اور ثالث عدالت کے فیصلے کے بعد مانچسٹر سٹی چیمپئنز لیگ کے اگلے سیزن میں شرکت کی اہل ہو گئی ہے جس کے باعث مانچسٹر سٹی کے مداح خوشی سے نہال ہیں کہ وہ اپنی فیورٹ ٹیم کو ایک بار پھر چیمپینز لیگ میں ان ایکشن دیکھ سکیں گے۔