عیدالاضحی کیلئے مویشی منڈیوں کے اوقات کار جاری کر دئیے گئے

عیدالاضحی کیلئے مویشی منڈیوں کے اوقات کار جاری کر دئیے گئے
عیدالاضحی کیلئے مویشی منڈیوں کے اوقات کار جاری کر دئیے گئے

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کے اجلاس میں عید قرباں کےلئے لگائی گئی مویشی منڈیوں کے اوقات کار طے کئے گئے ہیں اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ عیدالاضحی کیلئے لگائی جانے والی مویشی منڈیاں صبح 6 سے شام 7 بجے کھلی رہیں گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس لاہور میں ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور صوبائی چیف سیکریٹریز نےویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں مویشی منڈیوں کے اوقات کار صبح 6 سے شام7بجے تک طے کئے گئے اور اسد عمر نے اجلاس کے شرکاءکو بتایا کہ مویشی منڈیوں کے داخلی راستوں پر سکرینگ کی جائے گی جبکہ ملک بھر میں 700مویشی منڈیاں قائم کی گئی ہیں جن میں مزید اضافہ بھی کیا جائے گا۔

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقی کا کہنا تھا کہ دیہاتوں اور شہروں کے درمیان مویشیوں اور افراد کی نقل و حرکت سے کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے جسے روکنے کیلئے مویشی منڈیوں کا بہتر نظم و نسق ناگزیر ہے۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ شہر کے اندر کسی کو مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے شرکاءکو بتایا کہ تمام متعلقہ افراد کو ایس او پیز فراہم کر دی گئی ہیں اور ان پر عملدرآمد کروانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں میں ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلوں کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کورونا سے نمٹنے کیلئے این سی او سی کی غیر معمولی کوششیں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وفاق، صوبائی حکومتوں، سول انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز نے بہت عمدہ کام کیا، ہاٹ سپاٹ کی نشاندہی اور این سی او سی کی سمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی نے مثبت نتائج دئیے ہیں۔

مزید :

قومی -