جعلی پیر کے ہاتھوں ایک اور معصوم کی جان چلی گئی ،افسوسناک خبر آگئی
مظفر گڑھ (ڈیلی پاکستان آن لائن) جعلی پیر کے عمل سے 14 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور پیر کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔تحصیل کوٹ ادو کے علاقے محمود کوٹ میں 9 جولائی کو 14 سالہ بیمار لڑکے ساجد کو دم کرانے کے لیے عبدالغفار نامی پیر کے پاس لے جایا گیا۔بچے کے والد مختیار احمد کے مطابق پیر نے انہیں بتایا کہ ان کے بچے پر جنات کا سایہ ہے اور عمل کے 2 گھنٹے بعد وہ ٹھیک ہوجائے گا۔والد کے مطابق پیر لڑکے کو گردن سے پکڑ کر دہکتے کوئلوں پر دھواں دیتا رہا، پھر جھلسے ہوئے منہ کے ساتھ حوالے کردیا، اس عمل کے اگلے ہی روز بچہ دم توڑ گیا۔پولیس ترجمان وسیم خان کے مطابق پیر عبدالغفار کیخلاف تھانہ محمود کوٹ میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔