75 سالہ بزرگ نے 90 دن بعد کورونا کو شکست دے دی
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکہ میں ایک 75 سالہ بزرگ نے 90 روز کی جدوجہد کے بعد کورونا وائرس کو شکست دے دی۔
ریاست اوکلاہوما سے تعلق رکھنے والے 75 سالہ رسل اوئنز کو مارچ میں کورونا کی تشخیص کے بعد ہسپتال میں قرنطینہ کیا گیا تھا۔ عمر زیادہ ہونے کی وجہ سے جلد ہی انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کرنا پڑا اور وہ طویل مدت تک مصنوعی تنفس کے سہارے زندہ رہے۔
رسل کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیے جانے کے کچھ ہی عرصے بعد ان کی بیوی کو بھی کورونا ہوگیا اور انہیں بھی اسی ہسپتال میں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکیں۔ دوسری جانب رسل وینٹی لیٹر پر ہی کوما میں چلے گئے تاہم 90 روز بعد موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد وہ زندگی کی طرف واپس لوٹ آئے۔