ایئر لفٹ کمپنی کے آپریشنز بند
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) اشیاء خورونوش کی ڈلیوری کا کام کرنے والی سٹارٹ اپ کمپنی ایئر لفٹ کے پاکستان میں آپریشنز بند کردیے گئے ۔
گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا پر اس حوالے سے خبریں گردش میں تھیں تاہم اب ایئر لفٹ انتظامیہ نے اس کی تصدیق کردی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر جاری معاشی بحران کا ایئر لفٹ پر بھی شدید اثر ہوا ہے، کمپنی کے سرمایہ کار ان حالات کے باعث مزید سرمایہ کاری نہیں کرسکے جس کے باعث اس کی بندش ضروری ہوگئی تھی۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے ملازمین کو تنخواہوں کے بغیر نہیں چھوڑے گی، ایئر لفٹ انتظامیہ ملازمین کو جولائی اور اگست کی تنخواہیں دے گی، اس کے علاوہ ملازمین کی نئی نوکریوں کی تلاش میں مدد کیلئے ایک پلیٹ فارم بھی مہیا کرے گی۔