توانائی بحران پر کابینہ کو بریفنگ ،غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا حکم
اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ایک بار پھر غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا حکم دیدیا ہے ۔ انہوں نے یہ حکم وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دیا ہے جس میں لوڈشیڈنگ سمیت آٹھ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا جبکہ کابینہ کو توانائی بحران کے خاتمے کیلئے خصوصی کمیٹی کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی ۔ وزیر اعظم نے توانائی بحران کے بارے میں آئندہ ہفتے کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا حکم دیا ۔ پبلک اکاونٹس کمیٹی کے چیرمین ندیم افضل چن اور رکن قومی اسمبلی جمشید دستی بھی کابینہ کے اجلاس میں شریک ہوئے جنہوں نے توانائی بحران کے ذمہ داراوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ وفاقی کابینہ نے سعودی عرب کی نائف یونیورسٹی آف سیکورٹی سائنسز اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں تعاون، تنزانیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات بڑھانے اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ مجرموں کے تبادلے کے معاہدوں کی منظوری دے دی ہے۔ اجلاس میں انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس ایکٹ 2010ءمیں ترمیم کی بھی منظوری دی گئی۔