لاہورچیمبر کے اچیومنٹ ایوارڈ تقریب اگست کے آخر میں ہوگی

لاہورچیمبر کے اچیومنٹ ایوارڈ تقریب اگست کے آخر میں ہوگی

لاہور (کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اچیومنٹ ایوارڈز کی تقریب اگست کے آخر میں منعقد ہوگی جس میں وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کو بطور مہمانِ خصوصی مدعو کیا گیا ہے۔ یہ بات لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے لاہور چیمبر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں طارق مصباح، نائب صدر کاشف انور اور سٹینڈنگ کمیٹی برائے اچیومنٹ ایوارڈز کے چیئرمین آفتاب احمد وہرہ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ اچیومنٹ ایوارڈز کا مقصد تاجروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اچیومنٹ ایوارڈز میں پرائم منسٹر آف پاکستان ٹرافی، بزنسمین آف دی ایئر ، وومن انٹرپنور آف دی ایئر اور لاہور چیمبر اچیومنٹ ایوارڈ سمیت مختلف کیٹگریز شامل کی گئی ہیں۔

اچیومنٹ ایوارڈز 2014ءکی تفصیلات اور پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین اور سابق نائب صدر آفتاب احمد وہرہ نے کہا کہ اچیومنٹ ایوارڈز کا آغاز 2005ءمیں کیا گیا تھا جس کا مقصد بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تاجروں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ شاندارکامیابی کو مدّنظر رکھتے ہوئے اچیومنٹ ایوارڈز کو لاہور چیمبر کی سالانہ تقریب بنادیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام عمل کو انتہائی صاف و شفاف بنایا گیا ہے تاکہ حقیقی کاروباری افراد ہی یہ ایوارڈ حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال کے دوران ٹرن اوور، نئے یونٹس کے قیام، برآمدات/تجارت میں اضافے کی شرح، ٹیکس کی ادائیگی، شیئرہولڈرز کے لیے ڈیویڈنڈ اور تحقیق و ترقی کو مدّنظر رکھتے ہوئے ایوارڈونرز کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ ایوارڈز کے لیے زراعت، آرٹیفشل لیدر، اسمبلرز، آٹوپارٹس، بینکنگ و مضاربہ، کینوس اینڈ ٹینٹس انڈسٹری، کارپٹس، سیمنٹ، کیمیکلز، تعمیراتی، الیکٹرک انجینئرنگ، توانائی، انجینئرنگ، فیشن اینڈ کلاتھنگ، فوڈ، تازہ پھل و سبزیاں، جیلاٹین، جیم اینڈ جیولری، ہوم اپلائنسز، ہوزری، گارمنٹس، ہاﺅسنگ اینڈ انوویشن انفارمیشن ٹیکنالوجی، لیدر، لیدر فٹ ویئر، لیدر گارمنٹس، مین میڈ فائبر، ملک اینڈ ڈیری، مائننگ اینڈ منرل، خوردنی تیل اور گھی، آﺅٹ ڈور ایڈورٹائزمنٹ، پینٹس، پیپر انڈسٹری، فارماسیوٹیکل، فوٹو گڈز اینڈ گرافک آرٹس، پلاسٹک، پولٹری انڈسٹری، پراسیسنگ اینڈ پیکیجنگ، چاول، سیفٹی ایکویپمنٹ، سروسز، سوشل ویلفیئر، مصالحہ جات، سٹی، شوگر، ٹیلیکام انڈسٹری، ٹیکسٹائل اور ٹائر اینڈ ٹیوب اور دیگر شعبوں کو منتخب کیا گیا ہے۔

مزید : کامرس