صنعتی ترقی کیلئے توانائی بحران کا خاتمہ از حد ضروری ہے: ظہیر بھٹہ

صنعتی ترقی کیلئے توانائی بحران کا خاتمہ از حد ضروری ہے: ظہیر بھٹہ

 

لاہور(کامرس رپورٹر)چیئرمین لاہور ٹاﺅن شپ انڈسٹریز ایسوسی ظہیر بھٹہ نے کہا ہے کہ صنعتی ترقی کیلئے توانائی بحران کا خاتمہ از حد ضروری ہے انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ سے صنعتوں کی پیداواری صلاحیت میں کمی واقع ہورہی ہے جس کے باعث انڈسٹریل یونٹ بند اور بے روزگاری میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے لوڈشیڈنگ کے خاتمہ اور صنعتی ترقی کیلئے داسو اور بھاشا ڈیم کی تعمیر کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سستی بجلی کے حصول کیلئے ملک میں دستیاب تمام وسائل سے استفادہ ضروری ہے۔اس سلسلہ میں حکومت کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے لیے بھی رائے عامہ ہموار کرے اور اس کی تعمیر کیلئے فی الفور اقدامات کیے جائیں۔

 ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے میاں خرم الیاس سینئر وائس چیئرمین ،عامر عطاءباری وائس چیئرمین کے ساتھ ٹاﺅن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ظہیر بھٹہ نے وفاقی حکومت کی جانب سے بجٹ 2014-15کی منظور ی سے قبل ہی منی بجٹ کی تیاروں پر تشویش کا اظہار کیا جس کے تحت حکومت بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے فی یونٹ جبکہ گیس کی قیمتوں میں 100روپے فی ایم ایم بی ٹی یو تک اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف اور عالمی بنک کی شرائط پر عملدرآمد سے اجتناب کرے کیونکہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں پہلے ہی بہت زیادہ اضافہ کردیا گیا ہے جس کے باعث صنعتکار پریشانی کا شکار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتی ترقی کیلئے ملک میں ساز گار حالات پیدا کرے تاکہ سرمایہ کاری میں اضافہ ہو اور ملک معاشی بحران سے باہر نکل آئے۔

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...