تاجر برادری ٹیکس نیٹ میں آ کر ملکی معیشت کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرے

تاجر برادری ٹیکس نیٹ میں آ کر ملکی معیشت کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ٹریڈرز ویلفیئر ایسو سی ایشن، پی ڈبلیو ڈی کے ایک وفد نے ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری ریاست کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر برادری کو درپیش مسائل سے چیمبر کو آگاہ کیا۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر کے سینئر نائب صدر خالد چوہدری نے اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری ٹیکس نیٹ میں شامل ہو کر ملکی معیشت کی ترقی میں اپنا مثبت کردارادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کیلئے نئے بجٹ میں بہت سے اقدامات اٹھائے ہیں جس سے ٹیکس ریونیو میں بہتری متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کہ حکومت موجودہ ٹیکس دہندگان پر مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے ٹیکس کے دائرہ کار کو وسعت دے اور یہ بڑی حوصلہ افزاءبات ہے کہ نئے بجٹ میں حکومت نے اس جانب مثبت پیش رفت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تمام کمرشل کنکشنز حاصل کرنے والوں کو نیشنل ٹیکس نمبر لینا پڑے گا جس کے بغیر ان کنکشنز کا حصول ناممکن ہو گا۔ اس کے علاوہ ریٹیلرز کو بھی بجلی کے بلوں کے ذریعے ٹیکس ادا کرنا پڑے گا کیونکہ جس ریٹیلر کا بل 20ہزار تک ہو گا وہ بل کا 5فیصد بطور ٹیکس ادا کرے گا اور 20ہزار سے زیادہ رقم پر بل کا 7.5فیصد بطور ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی 80لاکھ کمرشل کنکشنز رکھنے والے ایڈوانس ودہولڈنگ ٹیکس ادا کرتے ہیں لیکن ان میں سے جو ریٹرنز فائل نہیں کرتے وہ ٹیکس نیٹ سے باہر رہتے ہیں۔ لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تاجر اپنے حصے کا جو ٹیکس بنتا ہے وہ ادا کر کے ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں۔

انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ٹیکس معاملات میں تاجر برادری کو ہرطرح کا تعاون فراہم کرے گا تا کہ وہ ٹیکس نیٹ میں شامل ہو کر ملک کی ترقی میں مزید فعال کردار ادا کر سکیں۔پی ڈبلیو ڈی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری ریاست نے تاجروں کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پی ڈبلیو ڈی، پاکستان ٹاﺅن اور پولیس فاﺅنڈیشن میں تقریبا 2000تاجر کاروبار کر رہے ہیں لیکن قانون کرایہ داری کی عدم موجودہ اس وقت تاجروں کا بہت بڑا مسئلہ ہے جس وجہ سے وہ ہر وقت عدم تحفظ کا شکار رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس قانون کرایہ داری کے جلد نفاذ کیلئے اپنا کردار ادا کرے تا کہ یہ مسئلہ حل ہونے سے تاجروں کا معاشی مستقبل محفوظ ہو اور وہ سکھ کا سانس لیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈبلیو ڈی میں سڑکوں کا نظام مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے لوئی بھیر تھانہ سے متعلقہ مسائل پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ سے متعلق معاملات اور ٹیکس مسائل کے بارے میں پی ڈبلیو ڈی کے تاجروں کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی رہنمائی درکار ہو گی اور امید ظاہر کہ کہ ان کی ایسوسی ایشن چیمبر کے تعاون سے تاجر برادری کے مسائل کو حل کرنے میںاہم پیش رفت کرے گی۔

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...