ٹی ٹونٹی ٹیم کی کپتانی کیلئے آفریدی ، عمر اکمل اور احمد شہزاد کے نام زیر غور
لاہور( سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی کپتانی کے لئے شاہدآفریدی کے ساتھ عمر اکمل اور احمد شہزاد کے بھی نام زیر غور ہیں۔ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد محمد حفیظ قیادت سے مستعفی ہوئے، تو مصباح الحق کو بھی قیادت سے ہٹانے کا مطالبہ سامنے آیاتھا۔چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی پہلے ہی مصباح کو ورلڈ کپ دوہزار پندرہ تک کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کرچکے ہیں۔اب بھی وہ ان کو بغیر کسی وجہ سے ہٹانے کے حق میں نہیں ہیں۔ نجم سیٹھی کاکہنا ہے کہ مصباح الحق کی قیادت میں ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں ہی ٹیمیں بہتر پرفارم کررہی ہیں اوران کی اپنی پرفارمنس مثالی ہے۔ ورلڈ کپ میں ان کی قیادت کو اسی وقت خطرہ ہوسکتا ہے جب ٹیم اس سے قبل کھیلی جانے والی سیریز میں انتہائی خراب پرفارمنس دے۔ذرائع کے مطابق محمد حفیظ کے مستعفی ہونے کے بعد بورڈ کو ٹی ٹوئنٹی کپتان کی تلاش ہے۔ جس کیلئے ناموں پر غور بھی کیا جارہا ہے۔ان میں شاہد آفریدی کے ساتھ عمر اکمل اور احمد شہزاد بھی شامل ہیں۔ تاہم ابھی اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔