جیک کیلس نے سڈنی تھنڈر سے دو سالہ معاہدہ کر لیا
جوہانسبرگ( نیٹ نیوز) شہرہ آفاق جنوبی افریقن آل راؤنڈر جیک کیلس نے آسٹریلوی ڈومیسٹک ٹیم سڈنی تھنڈر سے معاہدہ کر لیا۔ معاہدے کے تحت کیلس آسٹریلیا ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے اگلے دو سیزنز میں تھنڈر کی نمائندگی کریں گے۔ کیلس رواں برس بھارت میں منعقدہ آئی پی ایل سات کی فاتح کولکتہ نائٹ رائیڈرز ٹیم کا حصہ تھے۔ اپنے ایک بیان میں کیلس نے کہا کہ سڈنی تھنڈر سے معاہدہ کرنے پر خوش ہیں، میری تمام تر توجہ مستقبل پر مرکوز ہے، میں اپنے ملک کی طرف سے مائیکل ہسی کی طرح کئی دوسرے کھلاڑیوں کے خلاف کھیلوں گا لیکن بگ بیش ٹورنامنٹ میں ان کے ساتھ کھیل کر مجھے خوشی ہو گی۔ سڈنی تھنڈر کے جنرل مینیجر نک کمنز نے کہا کہ کیلس تجربہ کار کھلاڑی ہیں ان کی خدمات ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے، امید ہے کہ وہ ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں گے۔