اُردو بازار میں پہلے ’بزنس کلب‘ کا افتتاح،گورنر پنجاب کی خصوصی شرکت

اُردو بازار میں پہلے ’بزنس کلب‘ کا افتتاح،گورنر پنجاب کی خصوصی شرکت

لاہور (وقائع نگار) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے گزشتہ روز اُردو بازار میں لاہور کے پہلے ’بزنس کلب‘ کا افتتاح کیا۔ تاجروں کی فلاح کے لیے بزنس کلب آل پاکستان انجمن تاجران کے تحت قائم کیا گیا ہے جس کا بنیادی مقصد لاہور کی تاجر برادری کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں وہ اپنی تقریبات منعقد کر سکیں اور مل بیٹھ کر تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کام کر سکیں۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور بغیر کسی پروٹوکول کے اُردوبازار آئے ان کے ساتھ سکاٹ لینڈ سے آئے غیر ملکی مہمان بھی تھے۔ گورنر پنجاب کا تاجر برادری نے والہانہ استقبال کیا اور گورنر تاجروں میں گُھل مل گئے۔تقریب میں پنجاب کے کئی شہروں اور لاہور کی مختلف تجارتی مارکیٹوں کے تاجر رہنماﺅں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اپنے خطاب میں صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز کی ان کاوشوں کو سراہا جو وہ تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے کر رہے ہیں انھوں نے کہا تاجر پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ گورنر ہاﺅس کے دروازے تاجروں کے لیے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں اورمیرے بس میں جو ہوا میں تاجروں کی فلاح اور ان کے مسائل کے حل کے لیے کروں گا۔ آپ کے صدر خالد پرویز بزنس کمیونٹی کے لیے جس جذبے سے کام کر رہے ہیں اس سے میں بے حد متاثر ہوا ہوں۔ خالد پرویز ایک ایسے شخص ہیں جو خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔اس موقع پر ایک پُر تکلف عشائیے کا اہتمام بھی تھا۔ گورنر پنجاب کے غیر ملکی مہمان خاص طور پر روایتی کھانوں سے لطف اندوز ہوئے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1