محتسب پنجاب نے پرائیویٹ سکولوں کی طرف سے چھٹیاں نہ دینے کا نوٹس لے لیا

محتسب پنجاب نے پرائیویٹ سکولوں کی طرف سے چھٹیاں نہ دینے کا نوٹس لے لیا

لاہور( جنرل رپورٹر) محتسب پنجاب جاوید محمود نے محکمہ تعلیم کی طرف سے جاری ہونے والی ہدایات کے برعکس پرائیویٹ سکولوں کی جانب سے گرمیوں کی چھٹیاں نہ کرنے اوربچوں سے تین ماہ کی ایڈوانس فیسیں وصول کرنے کا نوٹس لے لیاہے اورسیکریٹری سکول ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔محتسب پنجاب نے چیف پراونشل کمشنرز برائے چلڈرن کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے فوری طورپر کاروائی کریں۔محتسب پنجاب نے استفسار کیاہے کہ محکمہ تعلیم کی واضح ہدایات کے باوجود شدید گرمی میں پرائیویٹ سکول کیوں کھلے ہیں؟محتسب پنجاب نے کہا کہ محکمہ تعلیم نے پرائیویٹ سکولوںکو بچوں سے تین ماہ کی ایڈوانس فیسیںوصول کرنے سے سختی سے منع کررکھا ہے اور اس ضمن میں 7مئی کو ایک سرکلر بھی جاری کیا گیا لیکن پرائیویٹ تعلیمی ادارے حکومتی احکامات کا مذاق اڑا رہے اورمحکمہ تعلیم بھی اپنے احکامات پر عملدارآمد کرانے میں ناکام ثابت ہواہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی بدانتظامی اور ناقص نگرانی کا عالم یہ ہے کہ شدید گرمی کے موسم میں پرائیویٹ سکولز کھلے ہیں ، تین تین ماہ کی ایڈوانس فیسیں وصول کی جارہی ہیں ،پرائیویٹ سکولوں میں شدید گرمی کے دوران صاف اورٹھنڈا پانی فراہم نہ کرنے کی شکایات موصول ہورہی ہیں ، سکولوں میں جنریٹرز کا انتظام نہیں اورلوڈ شیڈنگ کے دوران بچے حبس اورگرمی میں بیٹھنے پر مجبور ہیںاورچند سکولوں میںگرمی کی وجہ سے بچوں کے بے ہوش ہونے اوران کی نکسیر پھوٹنے کی شکایات بھی ملی ہیںلیکن کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔محتسب پنجاب جاوید محمود نے کہا کہ سرکاری محکموں میں بدانتظامی پر کاروائی کرنا اوربچوں کے حقوق کا تحفظ ان کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔محتسب پنجاب نے کہا کہ کسی کو بھی ایڈوانس فیسوں کے لالچ میںمعصوم بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...