لیبر کالونی میںمحنت کشوں کو مالکانہ حقوق پر رہائش فراہم کی جائے گی،راجہ اشفاق

لیبر کالونی میںمحنت کشوں کو مالکانہ حقوق پر رہائش فراہم کی جائے گی،راجہ ...

 لاہور( جنرل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے محنت کشوں کو بہترین رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کی تکمیل کے لئے راولپنڈی میں محنت کشوں کے لئے جدید رہائشی سہولیات سے آراستہ لیبر کالونی کے قیام کی پیش رفت شروع ہو گئی ہے - اٹک آئل ریفائنری ورکرز ویلفیئر سکول مورگاہ میں مجوزہ لیبر کالونی کاسائٹ آفس قائم کر دیا گیا ہے - محنت کشوں کو مالکانہ حقوق پر رہائش فراہم کی جائے گی -یہ بات پنجاب کے وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی - جس میں کمشنر سوشل سکیورٹی وقائم مقام سیکرٹری لیبر فرحان عزیز خواجہ ٬ سیکرٹری پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ خالد محمود اورڈائریکٹر ورکس کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی -راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ لیبر کالونی ٹیکسلامیں تعمیر کی جائے گی اس کے لئے جگہ کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور زمین کے حصول کے لیئے ضروری امور جلداز جلد نمٹانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہیں- انہوںنے کہا کہ لیبر کالونی میںبجلی ،سوئی گیس ، پانی،سڑکوں ٬ طبی اداروںکے قیام اورمحنت کشوں کو تمام دیگرضروری سہولیات کی فراہمی کے لئے متعلقہ محکموں سے رابطے اور ضروری دستاویزات کی تیاری کا کام بہت جلد شروع کر دیا جائے گا - صوبائی وزیر نے کہا کہ لیبر کالونی میں اعلی معیار کی تعمیرات اور سہولیات کی فراہمی کے لیئے مقررہ قوائد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا - انہوںنے کہا کہ راولپنڈی کے علاوہ صوبے کے دیگر مقامات پر بھی لیبر کالونیاں تعمیر کی جائیں گی تاکہ صوبے کے محنت کش طبقہ کو سوشل سکیورٹی اور قوانین کے تحت تعلیمی ، طبی سہولیات ، تعلیمی وظائف ، جہیز کے یئے امداد اور حادثات کی صورت میں حکومت کی طرف سے امدادی رقوم کی فراہمی پر عملدرآمد جاری ہے اور ایسے پروگرام وضع کیے گئے ہیں جن سے مزدوروں کے حالات کار بہتر بنائے جا سکیں-

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...