ماڈل کیٹل مارکیٹ شاہ پور کانجراں کے حوالے سے اہم اجلاس
لاہور(جنرل رپورٹر)ڈی سی او لاہور ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت ماڈل کیٹل مارکیٹ شاہ پور کانجراں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اے ڈی سی آر ، ای ڈی او ورکس اینڈ سروسز، ڈی او سی، اے سی رائیونڈ، ٹی ایم او اقبال ٹاؤن اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ ماڈل کیٹل مارکیٹ شاہ پور کانجراں یکم جولائی سے باقاعدہ طور پر چالو ہو گی۔ ڈی سی او لاہور نے یکم جولائی سے ماڈل کیٹل مارکیٹ چالو ہونے سے قبل متعلقہ محکموں کو مارکیٹ میں ملازمین کی تعیناتی کی لسٹ تیار اور سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی ہدایت کر دی۔ڈی سی او لاہور نے اے سی رائیونڈ / ایڈمنسٹریٹر ماڈل کیٹل مارکیٹ شاہ پور کانجراں علی شہزاد کو ٹاؤن کی سطح پر روزانہ اجلاس بلانے کی ہدایت کی اور اس کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر ڈی سی او آفس میں جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔ ڈی سی او لاہور نے منڈی کے لئے باقاعدہ پلاننگ کرنے کی بھی ہدایت کی۔