باغبانپورہ،گٹر صاف کرتے ہوئے ایک محنت کش جاں بحق،حقیقی بھائی بے ہوش

باغبانپورہ،گٹر صاف کرتے ہوئے ایک محنت کش جاں بحق،حقیقی بھائی بے ہوش

لاہور(کر ائم سیل)باغبانپورہ کے علاقہ میں گٹر صاف کرتے ہوئے ایک محنت کشجاں بحق جبکہ اسکا حقیقی بھائی بے ہوش ہو گیا ۔ بے ہوش ہونے والے مزدور کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ میں جمع کروا دیا ہے ۔ بتا یا گیا ہے کہ باغبانپورہ کے رہائشی 2 بھائی مزدور فیصل اور مٹھو گٹر صاف کر رہے تھے کہ اچانک بے ہوش ہو کر گٹر میں گر گئے۔ کافی دیر باہرنہ آنے پر انکے ساتھیوں نے نیچے جاکر دیکھا تو دونوں بے ہوش پڑے تھے ۔ امدای ٹیموں کو اطلاع دی گئی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر بے ہوش افراد کوطبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے فیصل کی موت کی تصدیق کردی جبکہ مٹھو کو خواجہ کوٹ سعید ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے ۔ پولیس نے موقع پرپہنچ کر ہلاک ہونے والے مزدور کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ میں جمع کروا دیا ہے ۔متوفی مزدور فیصل 3بچوں کا باپ تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اہلخانہ کی طرف سے جو درخواست موصول ہو گی اس کے مطابق کارروائی عمل میںلائی جائے گی ۔

مزید : علاقائی