قصور اور نواح میں ڈکیتی ،رہزنی اور چوری کی وارداتیں مسلسل جاری

قصور اور نواح میں ڈکیتی ،رہزنی اور چوری کی وارداتیں مسلسل جاری

قصور(بیورورپورٹ )قصور اور اسکے نواح میں ڈکیتی ،راہزنی اور چوری کی وارداتوں میں ڈاکو 36لاکھ سے زائد مالیت کے طلائی زیورات ،دو کاریں،ٹریکٹر،موٹر سائیکلیں ، اسلحہ ، موبائل فونز اور گھر کا دوسرا قیمتی سامان چھین کر لے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق نواحی گاﺅں قطبہ میں کاشتکار محمد رفیع کے گھر داخل ہونے والے 10نقاب پوش ڈاکوﺅں نے اہل خانہ کو یرغمال بناکر 12تولے طلائی زیورات ،4لاکھ سے زائد کی نقدی رقم ، موبائل فونز ، ہنڈا موٹرسائیکل ، رائفل ، بندوق ، پسٹل 9MM، ٹریکٹر اور گھر کا دوسرا قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے ۔ پتوکی روڈ پر ماڈل آرائیں فارم کے نزدیک ڈاکوﺅں نے کار سوار امیر خاور کامران کو اسلحہ کی نوک پر روک کر موبائل فونز ، نقدی رقم اور اس سے کار چھین لی ۔

 بہادر پورہ کے قریب موٹرسائیکل رکشہ نے بیکری کا مال سپلائی کر کے واپس گھر آنے والے محمد شفیق سے ڈاکوﺅں نے نقدی رقم اور موبائل فون چھین لیا۔ پتوکی کے علاقہ ساہجوال کے رہائشی چونیاں سے کھریپڑ شریف جانے والے موٹرسائیکل سوار جمیل احمد کو ڈاکوﺅں نے اسلحہ کی نوک پر روک کر موٹرسائیکل اور نقدی رقم سے محروم کر دیا ۔ پولیس مصروف تفتیش ہے ۔

مزید : علاقائی