پھول نگر،کار سوار فیملی کوڈاکوﺅں نے لوٹ لیا

پھول نگر،کار سوار فیملی کوڈاکوﺅں نے لوٹ لیا

پھول نگر(نمائندہ خصوصی)لاہور ائیرپورٹ سے واپس وہاڑی جانے والی کار سوار فیملی کو بائی پاس پرڈاکوﺅں نے لوٹ لیا۔60فٹ دور سڑک کے دوسری طرف پولیس موبائل میں موجود اہل کار لائیو تماشہ دیکھتے رہے ۔تفصیلات کے مطابق اڈہ ماچھی والا وہاڑی کا رہائشی ڈاکٹر رانا انور اپنی بیوی اور بچیوں کے ہمراہ کار نمبری LED:2078پر اپنے عزیزوں کو عُمرہ کی ادئیگی کےلئے لاہور ائیر پورٹ سے الوداع کر کے واپس گھر جارہا تھا کہ صبح 6:15بجے پھول نگر بائی پاس پر پیچھے سے آنے والی XLIمیں سوار چار مسلح افراد نے زبردستی روک لیااور اُس کی بیوی رفعت سے ساڑھے تین تولہ طلائی زیورات اتروا لئے ۔ہاتھ سے کڑا اُترواتے خاتون کی کلائی زخمی ہو گئی جبکہ ڈاکوﺅں نے بارہ ہزار روپے نقدی ،موبائل فون ،گاڑی کی رجسٹریشن اور دیگر قیمتی اشیاءبھی چھین لیں۔

لٹنے والوں اور عینی شاہدین کے مطابق ڈاکوﺅں کی کاروائی کے دوران سڑک کے دوسری طرف پولیس موبائل آکر کھڑی ہو گئی اور اس کے باوجود ڈاکوتسلی سے واردت مکمل کر کے گاڑی میں سوار ہو نے کے بعد ملتان روڈ پر ہی فرار ہو گئے۔لوگ پولیس کو ڈاکوﺅںکا پیچھا کر نے فائرنگ کر نے اور موٹر وے سمیت دیگر تھانوں کی پولیس کو مطلع کر نے استدعا کر تے رہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے مذکورہ کار سوار ڈاکو بے دردی سے پھول نگربائی پاس اور ذیلی سڑکوں پر دلیرانہ وارداتیں کر رہے ہیں۔دریں اثناءپولیس تھانہ سٹی نے مدعی کی درخواست پر ڈکیتی کا مقدمہ درج کر لیا۔

مزید : علاقائی