لوڈشیڈنگ جاری خراب ٹرانسفارمر ز ٹھیک نہ ہونے پر متعدد شہروں میں احتجاج

لوڈشیڈنگ جاری خراب ٹرانسفارمر ز ٹھیک نہ ہونے پر متعدد شہروں میں احتجاج

           لاہور(کامرس رپورٹر)ملک میں گزشتہ روز بھی بدترین لو ڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا لوڈ شیڈنگ سے تنگ آئے لوگوں نے صوبائی دارالحکومت سمیت کئی شہروں میں احتجاج کیا ۔ تاہم بجلی کی پیداوار میں اضافے کے باعث شارٹ فال میں معمولی کمی ہو گئی جس کے باعث شہروں میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی کر دی گئی دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم نہیں کیا گیا شہروں میں گزشتہ روز 12 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 18 سے 20 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔ کئی علاقوں میں ایک گھٹنے بعد دو اور تین تین گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ بھی کی گئی ۔ بار بار لوڈ شیڈنگ کے باعث اکثر علاقوں میں پانی کی بھی قلت رہی لوگ ایک دوسرے گھروں سے پانی مانگتے رہے ۔صوبائی دارالحکومت میں بتی چوک کے پاس صارفین نے بجلی بندش کیخلاف شدید مظاہرہ کیا اور واپڈا حکام کیخلاف نعرے بازی کی، فرسٹ سرکل میں صارفین نے کئی روز تک ٹرانسفارمر ٹھیک نہ ہونے پر مظاہرہ کیا جس میں لوڈ شیڈنگ کے ستائے ہوئے شہری بھی شامل ہو گئے۔ لوڈ شیڈنگ کے باعث کاروباری سرگرمیاں تقریبا معطل رہیں جس سے لاکھوں لوگ بے روز گار ہو گئے ۔ مرمت کے نام پر بھی تمام سب ڈویژنوں میں ایک ایک فیڈرز اٹھ گھنٹے تک کے لئے بند رکھا گیا ۔ شام کے وقت لوڈ بڑھنے پر لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز نے سسٹم بچانے کے لئے اپنے درجنوں فیڈرز بند کر دیئے جس سے ان علاقوں میں دو سے تین گھنٹے تک بجلی کی بندش رہی ۔ لوڈ میں اضافہ کے باعث اکثر علاقوں میں وولٹیج کم و زائد ہوتے رہے جس سے لوگوں کے لاکھوں روپے مالیت کے الیکٹرونکس کی مصنوعات جل گئیں ۔ ملک میں جاری گرمی کی شدید لہر کے باعث بالائی علاقوں میں گلیشیئر پگھلنے سے ڈیموں میں پانی کی آمد بڑھ گئی ہے پانی کی آمد میں اضافہ پر ارسا نے ڈیموں سے پانی کے اخراج میں اضافہ کیا ہے جس سے ہائیڈرل کی پیداوار میں سات سو سے لیکر اٹھ سو میگا واٹ کا اضافہ ہوا ہے ۔ گزشتہ روز تربیلا سے 97700 کیوسک اور منگلا سے 45000 کیوسک پانی کا اخراج کیا گیا ۔ انرجی مینجمنٹ سیل کے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی مجموعی ڈیمانڈ 18240 میگا واٹ جبکہ پیداوار 11820 میگا واٹ رہی طلب و رسد میں 6420 میگا واٹ کا فرق ر ہا ۔

لوڈ شیدنگ

 

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...