جدید ہتھیاروں اور حساس آلات سے لیئس فاسٹ اٹیک میزائل کرافٹ پاک بحریہ میں شامل

جدید ہتھیاروں اور حساس آلات سے لیئس فاسٹ اٹیک میزائل کرافٹ پاک بحریہ میں ...

                    کراچی (آئی این پی) ملکی وسائل سے تیار کردہ”پی این ایس دہشت “ کی کمیشننگ اور پاک بحریہ میں باقاعدہ شمولیت کی تقریب کراچی شپ یار ڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی پاک بحریہ کے سربراہ محمد تھے۔ جمعرات کو منعقد ہ تقریب سے خطاب کے دوران کراچی شپ یارڈ کی انتظامیہ اور کارکنان، چائنا شپ بلڈنگ اینڈ آف شور کمپنی ، زنگانگ شپ یارڈ اور متعلقہ نیول حکام کی تعریف کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی منتقلی کے تحت کراچی شپ یارڈ میں پی این ایس دہشت کی تعمیرپاک چین دوستی کی ایک اور عمدہ مثال ہے اور یہ دوستی دن بہ دن مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرا چی شپ یارڈ آج پوری طرح سرگرم عمل اور مالی اعتبار سے مستحکم ہے۔ یہ کامیابی کراچی شپ یارڈ پر بھر پور اعتماد ، اس کے کارکنان کی انتھک محنت اور لگن کی بدولت ہی ممکن ہوئی ہے ۔ پی این ایس دہشت کی تیار ی دفاعی پیداوار کے میدان میں اہم پیش رفت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے شپ یارڈز کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے جو پاکستان میں طویل المعیاد معاشی و سماجی فوائد کے لیے مضبوط بنیادر فراہم کرے گا۔چیف آف نیول اسٹاف نے جہاز پر تعینات عملے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سخت محنت اور کام سے لگن کی بدولت پی این ایس دہشت نمایاں مقام حاصل کرے گی اور ہر چیلنج کا ہمت اور ثابت قدمی سے سامنا کرے گی جو ہمارے آفیسرزاور سی پی اوز/سیلرزکا طرئہ امتیاز ہے۔فلیٹ کمانڈ سے میں یہی کہوں گا کہ آپ کو ہر لحاظ سے مکمل اور آزمودہ جہا ز دیا جارہا ہے جسے آپ پاک بحریہ اور قوم کی توقعات کے عین مطابق زیر استعمال لائیں گے۔ قبل ازیں مینیجنگ ڈائر یکٹر کراچی شپ یارڈ نے وزارت دفاعی پیداوار اور پاکستان نیوی کا کراچی شپ یارڈ میں مقامی وسائل سے جہاز سازی کے جراءت مندانہ اقدام پر شکریہ ادا کیا اور آگاہ کیا کہ کراچی شپ یارڈ پور ی تندہی ، عزم اور حوصلے کے ساتھ مزید بڑے اور مشکل منصوبوں پر کام کرنے کے لیے ضروری انفرا اسٹرکچر اور اعلی تربیت یافتہ افرادی قوت سے پوری طرح لیس ہے۔پی این ایس دہشت 63میٹر طویل فاسٹ اٹیک کرافٹ ہے جو جدید ہتھیاروں اور حساس آلات بشمول سطح آب سے سطح آب اور زمینی حملہ کرنے کی صلاحیت کے حامل جدید میزائلوںسے لیس ہے۔ یہ کرافٹ اینٹی ائیر اور سرچ اینڈ ریسکیوآپریشنز کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ تقریب میں چائنا شپ بلڈنگ اینڈ آف شو ر کمپنی(سی ایس اوسی) کے نمائندوں، سفارت کاروں ، اعلی حکومتی عہدے داروں اور پاک بحریہ اور کراچی شپ یارڈ کے اعلی حکام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 فاسٹ اٹیک میزائل

 

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...