کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک ) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جب کہ سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق کئی روز کی شدید گرمی کے بعد گزشتہ رات سے ہی مختلف علاقوں میں ہلکی پھلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم خوشگوار اور گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ جن علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی ان میں کورنگی، ڈیفنس، ناظم آباد، لیاقت آباد، لانڈھی، گلشن، فیڈرل بی ایریا اور نارتھ کراچی سمیت مختلف علاقے شامل ہیں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں مزید بارش کی توقع ہے۔بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن کی وجہ سے مختلف ٹریفک حادثات میں 8 افراد زخمی ہو گئے۔ بوندا باندی سے پھسلن کے باعث ڈیفنس موڑ کے قریب دو گاڑیوں میں تصادم سے ایک شخص جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔ ناظم آباد گجر نالے کے قریب گاڑی اور ٹرک میں تصادم ہوگیا اور مزید 3 ٹرک بھی بے قابو ہو کر متاثرہ ٹرک سے ٹکرا گئے، گاڑی میں موجود ایک شخص کو ٹانگ کاٹ کر نکالنا پڑا جس کی حالت نازک ہے۔ حادثے میں 8 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لئے عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اس کے علاوہ قیوم آباد کے قریب بھی سبزی سے لدی ہوئی شیزور گاڑی ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہو گئے۔بارش کے باعث جہاں شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے تو وہیں مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش نے عوام کی خوشیوں پر پانی پھیر دیا ہے اور مختلف علاقوں میں شہریوں کو پانی کی قلت کا بھی سامنا ہے۔ اس کے علاوہ سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔

مزید : کراچی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...