کھانے کی شکل کا بھوک پر حیرت انگیز اثر
نیویارک (نیوز ڈیسک) یقیناً آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ آپ کے موٹے ہونے کی ایک بڑی وجہ آپ کے برتن بھی ہوسکتے ہیں۔ امریکہ کی کورینل یونیورسٹی کی ایک دلچسپ تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ آپ کے برتنوں کے رنگ اور سائز وغیرہ سے اس بات کا بڑی حد تک فیصلہ ہوجاتا ہے کہ آپ کتنا کھائیں گے۔ سائنسدانوں نے جب موٹاپے میں برتنوں کے کردار پر تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ اگر آپ نے خوش رنگ ٹافیاں یا بسکٹ وغیرہ شفاف مرتبان میں رکھی ہوں۔ جہاں سے یہ آپ کو ہر وقت نظر آتی رہیں تو آپ انہیں 46 فیصد یعنی تقریباً دو گنا کھاجائیں گے۔ جبکہ یہی چیزیں اگر غیر شفاف برتن میں ہوں جس میں سے انہیں دیکھا نہ جاسکے تو ان کا استعمال تقریباً آدھا رہ جائے گا۔ اسی طرح آپ جس پلیٹ میں کھانا کھاتے ہیں اس کا سائز بھی بہت اہمیت کا حامل ہے، بڑی پلیٹ استعمال کرنے کی صورت میں کھانا زیادہ کھایا جاتا ہے۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ 10 انچ کی بجائے 12 انچ کی پلیٹ میں کھانے سے آپ 22 فیصد زیادہ کھاجاتے ہیں اور برتنوں کا رنگ بھی اتنا ہی اہم ہے۔ اس تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ سفید پلیٹ میں کھانا کھانے والے سرخ پلیٹ میں کھانے والوں سے 22 فیصد زیادہ کھاتے ہیں۔ واضح رہے کہ اسلامی روایات کے مطابق بھی سرخ رنگ کے دستر خوان کو افضل قرار دیا گیا ہے۔ تو آپ بھی اپنی صحت کے تحفظ اور خصوصاً موٹاپے سے نجات کیلئے اپنے برتنوں پر ضرور توجہ دیں۔