رمضان بازار لگانے کا مقصد مرکیٹ میں قیمتوں کو مستحکم رکھنا ہے ، وزیر زراعت پنجاب

رمضان بازار لگانے کا مقصد مرکیٹ میں قیمتوں کو مستحکم رکھنا ہے ، وزیر زراعت ...

 لاہور(اے پی پی )صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہاہے کہ رمضان بازار لگانے کا مقصد مارکیٹ میں قیمتوں کو مستحکم رکھنا اور عوام کو ناجائز منافع خوری سے بچاناہے، رمضان بازار وں میں روز مرہ اشیاء کی وافر مقدار میں فراہمی سے نہ صرف قیمتیں اعتدال پر ہیں بلکہ عوام کو ان کی ایک ہی جگہ دستیابی سے خریداری میں بھی آسانی ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ساہیوال اور پاکپتن کے رمضان بازاروں کے دورہ کے موقع پر اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی سی او آصف اقبال چوہدری اور اے ڈی سی رضوان نذیر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر زراعت نے کہاکہ فلاحی حکومتیں عوام کو ریلیف کے لئے سبسڈی دیتی ہیں اور پنجاب حکومت نے بھی رمضان المبارک کے دوران 5ارب روپے کی خطیر سبسڈی دی ہے جس سے رمضان بازار میں 10کلو آٹے کا تھیلہ 290روپے اور چینی55روپے فی کلو وافر مقدار میں دستیاب ہے۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ ان بازاروں کے انعقاد سے عام مارکیٹوں میں بھی قیمتیں اعتدال پر رکھنے میں مددملی ہے اور ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے۔ دورہ کے دوران انہوں نے خریداری میں مصروف صارفین سے بھی بات چیت کی اور ان سے قیمتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈی سی او آصف اقبال چوہدری نے بتایا کہ ضلع کے تمام بازاروں میں لیموں 140روپے کلو ‘ٹماٹر20روپے کلو جبکہ گھی اور دالیں مارکیٹ سے 20روپے کم قیمت پر دستیاب ہیں۔صوبائی وزیر ڈاکٹر فرخ جاوید نے رمضان بازار میں لگائے گئے پھلوں اور سبزیوں کے سٹالوں کا خصوصی معائنہ کیا اور ان کی کوالٹی اور دستیابی چیک کی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران ان خصوصی بازاروں میں کسی اشیاء صرف کی کمی نہیں آنی چاہیے اور عام مارکیٹوں میں بھی مقرر کردہ قیمتوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔

مزید : کامرس