محکمہ زراعت پنجاب کی ٹینڈے کی پچھیتی کاشت وسط جون سے وسط جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت

محکمہ زراعت پنجاب کی ٹینڈے کی پچھیتی کاشت وسط جون سے وسط جولائی تک مکمل کرنے ...

  



راولپنڈی(این این آئی)محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان نے کاشتکاروں کو ٹینڈے کی پچھیتی کاشت وسط جون سے وسط جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ ایک بیان میں ترجمان نے کہاکہ کاشت کے لئے زرخیز میرا زمین جس میں پانی کا نکاس اچھا ہو‘ کا انتخاب کریں۔ زمین میں نامیاتی مادہ کافی مقدار میں موجود ہونا چاہیے۔ کاشت کے وقت کھیت میں دو سے تین بار ہل چلا کر زمین اچھی طرح تیار کر لیں۔کاشت کیلئے 2.5 میٹر کے فاصلہ پر نشان لگائیں اور دو پٹڑیوں کے درمیان 50سینٹی میٹر چوڑی کھالی چھوڑ کر 2میٹر چوڑی پٹڑیاں بنائیں۔

اور ان پٹڑیوں کے دونوں کناروں پر آبپاشی کے بعد جہاں تک پانی کی نمی پہنچ سکے 40 سینٹی میٹر کے فاصلے پر 2 تا 3 بیج تین سے چار سینٹی میٹر گہرائی تک دبا دیں۔ اس طریقہ کاشت سے ایک ایکڑ میں تقریباً 8000 پودے لگائے جاسکتے ہیں جس کے لئے تقریباً 2 کلو گرام صحت مند اچھے اُگاؤ والا بیج کافی ہوتا ہے۔ ٹینڈے کی فصل کو ابتدائی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے بیج کو کاشت سے پہلے پھپھوند کش زہر لگائیں۔

مزید : کامرس