حکومت اور سپانسر کے بغیر کھیلوں کی ترقی نا ممکن ہے‘اعجاز الرحمن

حکومت اور سپانسر کے بغیر کھیلوں کی ترقی نا ممکن ہے‘اعجاز الرحمن

  



اسلام آباد (این این آئی) پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اعجاز الرحمن نے کہا ہے حکومت سہولیات فراہم کرے توکھلاڑی عالمی سطح پرٹین پن باؤلنگ میں ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اور سپانسر کے بغیر کسی بھی ملک میں کھیلوں کی ترقی نا ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ٹین پن باؤلنگ کے لئے سہولیات فراہم کرے توغیرملکی ٹیمیں پاکستان آکر انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کھیلنے کے لئے تیار ہیں،اعجاز الرحمن نے کہا کہ ابھی تک فیڈریشن کے پاس ٹین پن باؤلنگ کے لئے کوئی کورٹ موجود نہیں ہے اور حکومت اس کھیل توجہ دے اور کھیل کی ترقی کے لئے وفاقی دارالحکومت میں جگہ فراہم کرے تو فیڈریشن اپنی مدد آپ کے تحت کھلاڑیوں کے کھیلنے کے لئے اپنا کورٹ تیارکروا سکتی ہے،انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں سترہ کورٹ میں کمرشل بنیاد پر کھلاڑیوں کو تربیت دی جا رہی ہے جن میں اسلام آباد، کراچی ، پشاور، لاہور ، فیصل آباد، سیالکوٹ اور منگلاشامل ہیں۔ اعجاز الرحمن نے کہا کہ اس وقت یہ کھیل 135 ممالک میں کھیلا جا رہا ہے اور پاکستان 52 ویں پوزیشن پر ہے اور 2009 ء میں پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کا قیام عمل میں آیا۔

، جس کے بعد ہمارے کھلاڑیوں نے عالمی چیمپئن شپ، کامن ویلتھ اور ایشیاء کی سطح پر مختلف انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں شرکت کر چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی دو انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کر رہے ہیں جن میں عالمی جونیئر کپ 24 جولائی سے 5 اگست تک امریکہ میں اور چیک اوپن سنیئر ٹورنامنٹ 2 سے 10 جولائی تک چیک ریپبلک میں کھیلا جائے گا شامل ہیں اور کھلاڑی ایونٹس میں شرکت کے لئے تربیتی کیمپس میں بھر پور محنت کر رہے ہیں،واضع رہے کہ اعجاز الرحمن واحدپاکستانی کھلاڑی ہیں جنہوں نے 2013 ء میں پروفیشنل باؤلر ایسوسی ایشن امریکہ کا ممبر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی