اپوزیشن جماعتوں کو انتشار کی سیاست سے کچھ نہیں ملے گا: رانا اشفاق احمد
جوہانسبرگ(بیورورپورٹ)مسلم لیگ ن جنوبی افریقہ کے کوآرڈینیٹررانا اشفاق احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو انتشار کی سیا ست سے کچھ نہیں ملے گا،عمران خان کو اپنی طرز سیاست پر نظر ثانی کرنا ہو گی،جس طرح کی سیاست وہ کرنا چاہ رہے ہیں وہ راستہ صرف بدامنی کی طرف جاتا ہے۔روزنامہ پاکستان کے بیوروچیف ندیم شبیر سے گفتگو کرتے ہوئے رانا اشفا ق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے تین سالوں میں تین بڑے بحرانوں اور مسائل پر قابو پالیا ہے۔ جن میں دہشت گردی،توانائی اور معاشی ترقی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا جب ہماری جماعت مسلم لیگ(ن) نے اقتدار سنبھالا تو ملک تین بحرانوں کا شکار تھا۔ تین بڑے ایشو تھے جن میں سب سے بڑا ملک میں دہشت گردی کا ایشو تھا،دوسرا بجلی کا بحران تھا اور تیسرا ملک کی معیشت ترقی نہیں کررہی تھی۔ تین سالوں میں ہم نے ان تینوں ایشوز پر بھر پور توجہ دی۔ رانا اشفاق احمد نے مزید کہا دہشت گردی کی سرگرمیوں کے حوالے سے آج پوری دنیا اعتراف کررہی ہے کہ پہلے کے مقابلے میں آج پورا ملک بہت زیادہ محفوظ اور پر امن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نہ صرف پاکستان کی ریاست کے دشمنوں کو ختم کیا ہے بلکہ جن لوگوں سے پوری دنیا کے امن کو خطرہ تھا انہیں بھی ختم کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے بجلی کے نئے نئے منصوبے لگ رہے ہیں جو2017ء کے آخر تک مکمل ہوجائیں گے اور ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا۔