روزہ جسمانی و روحانی امراض کا بہترین علاج ہے،ڈاکٹر رفیق احمد

روزہ جسمانی و روحانی امراض کا بہترین علاج ہے،ڈاکٹر رفیق احمد

لاہور( خبر نگار)پاکستان کے نامور ہومیو پیتھک ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا مہینہ بلڈ پریشر،معدے وجگر،شوگر،اعصابی تناو ،دل،امراض گردہ ،کولسٹرول اور ذہنی تناو کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کیلئے بہت بڑی نعمت ہے ان بیماریوں میں مبتلا افراد روزے رکھ کر اپنے نظام صحت کو بہتر بنا سکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گذشتہ روز انصار جدید ٹورز اینڈ ٹریولز پرائیویٹ لمیٹڈ کے زیر اہتمام روزے کی افادیت کے حوالے سے منعقدہ ایک نشست کے شرکاء سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔ انہو ں نے کہا کہ روزہ جسمانی و روحانی امراض کا بہترین علاج ہے، روزہ رکھنے سے انسان خوراک کے معاملے میں ایک نظم وضبط میں آجاتا ہے جس کے نتیجے میں بلڈ پریشر، ہارٹ اٹیک، فالج اور ذہنی تناو سمیت دیگر بیماریوں سے بڑی حد تک محفوظ رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ رو زہ تزکیہ نفس کا بہترین ذریعہ ہے اس سے باہمی یکسانیت،اخوت و محبت اور وقت کی پابندی جیسی اعلیٰ صفات پیدا ہوتی ہیں ،روزہ رکھنے سے صحت و تندرستی اور درازی عمر ،پاکیزگی و صفائی کی نعمت از خود حاصل ہو جاتی ہے جس کا کسی دوسرے ذریعہ سے حاصل ہونا محال ہے۔انہوں نے کہا کہ روزہ رکھنے سے انسان میں شعور و ضمیر کی بیداری اور خود شناسی و خود آگاہی جیسے کمالات پیدا ہوتے ہیں،روزہ رکھنے سے انسان مادہ پرستی کی غلامی کی ذلت سے آزاد ہو کر خالق کائنات کی بندگی کے اعزاز سے معزز اور انسانیت کے شرف سے مشرف ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کے مطابق روزے کا مقصد ایک طرف ہمہ وقت اور ہمہ پہلو تقویٰ ہے اور دوسری طرف انسان کی جسمانی و ذہنی ،فکری،عملی اور اخلاقی اصلاح ہے،روزہ کو تقویٰ اور پرہیز گاری کی شرط کے ساتھ رکھنے سے انسان اپنے خالق و مالک کی خوشنودی اور قرب کا مستحق ہو جاتا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1