حکومت گرانے کیلئے جمہوریت پرشب خون مارنے کاکوئی جوازنہیں، اشرف بھٹی

حکومت گرانے کیلئے جمہوریت پرشب خون مارنے کاکوئی جوازنہیں، اشرف بھٹی

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سا لمیت ،حاکمیت اعلیٰ کی حفاظت اوربیرونی دباؤکامقابلہ کرنے کیلئے جوش نہیں ہوش کی ضرورت ہے ۔ کوئی نااہل حکومت کے گناہوں کی سزاجمہوریت اورجمہورکونہیں دے سکتا، حکومت کی ناکامی سے انکار نہیں مگرجمہوریت کی بدنامی برداشت نہیں کی جائے گی۔حکومت گرانے کیلئے جمہوریت ہر شب خون مارنے کاکوئی جوازنہیں اورنہ کسی کوسزادینے کیلئے انتقام کا راستہ اختیار کیا جائے۔ انتہا پسندی اوردشنام طرازی نے وقتی طورپرپاناما پیپرز کے معاملے کوضروربگاڑدیامگر اس باراحتساب کے کٹہرے میں کھڑاہوناحکمرانوں کامقدر ہے۔وہ جہانگیرپارک میں ایک افطار پارٹی سے خطاب کررہے تھے ۔محمداشرف بھٹی نے مزید کہا کہ اس وقت ہمارا ملک کئی اندرونی وبیرونی چیلنجز سے نبردآزما ہے لہٰذاء داخلی عدم استحکام سے دنیا میں پاکستان کی پوزیشن متاثر ہوگی ۔ملک دشمن قوتوں سمیت بعض طبقات اس صورتحال کواپنے مفادات کیلئے استعمال کررہے ہیں۔نفرت کی آگ بھڑکانے والے کسی کے دوست نہیں ہوسکتے ،ان کی باتوں پرکان دھرنادانشمندی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے زخموں پرنمک چھڑکنے نہیں بلکہ مرہم رکھنے کی ضرورت ہے ۔ایک دوسرے کیخلاف سازشوں میں دفاعی اداروں کوملوث اورانہیں استعمال نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگرہمارے ادارے ایک دوسرے کے ساتھ کھینچاتانی کریں گے تو ملک دشمن قوتوں کاناطقہ کون بندکرے گا۔دفاع وطن کیلئے دفاعی اداروں کی گرانقدرخدمات سے انکار کیا جاسکتا اورنہ پاکستان میں بحالی جمہوریت کیلئے اہل صحافت کے تاریخی کردارسے چشم پوشی کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے وہ لوگ کبھی ناکام نہیں ہوتے جوہرواقعہ میں انفرادی اور اجتماعی اصلاح کاپہلوتلاش کرتے ہیں۔ملک میں بے رحم احتساب کیلئے اہل سیاست،اہل صحافت اوراہل وکالت اپناکلیدی کرداراداکریں ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1