حکمران احتساب کے خوف سے بھاگ رہے ہیں،سیمی بخاری

حکمران احتساب کے خوف سے بھاگ رہے ہیں،سیمی بخاری

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کی سابق مرکزی نائب صدر ڈاکٹر سیمی بخاری نے کہا ہے کہ ملک میں لوٹ مار اور کرپشن کا بازار گرم ہے ،حکمران احتساب کے خوف سے بھاگ رہے ہیں مگر قوم انہیں بھاگنے نہیں دے گی انہیں اپنی کی گئی کرپشن کا حساب دینا ہو گا ، حکمران آج اتنا ظلم کریں جتنا کل برداشت بھی کر سکیں۔ گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کیلئے آنیوالی خواتین کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سیمی بخاری نے کہا کہ حکومتی کمیٹی اپوزیشن کے ٹی اوآرز پر ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں اور حیلوں بہا نوں سے وقت ضائع کر رہی ہے جو (ن) لیگ کیلئے سیاسی موت ثابت ہو گا ، پوری قوم عمران خان کی قیادت میں حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر آنے کیلئے تیار ہے ، حکمرانوں نے اگر کرپشن نہیں کی تو پھر انہیں احتساب سے ڈر کیوں لگ رہا ہے؟انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف تحریک انصاف کے 126دن کے تاریخی دھرنے میں خواتین نے اہم کردار ادا کیا تھا اور اب بھی خواتین پورے جوش و جذبے اور تیاری کے ساتھ حکومت کی کرپشن اور احتساب کیلئے ہر تحریک میں ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اپوزیشن کو سڑکوں پر آنے پر مجبور کر رہے ہیں مگر انہیں حالات کی سنگینی کا اندازہ نہیں ہے عوام میں ان کے خلاف نفرت کا لاوا پک رہا ہے اگر حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لیے اور خود کو احتساب کیلئے پیش کرنے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ پیش نہ کیا تو پھر عوام انکا احتساب کریں گے اور یہ عوامی سمندر کے سامنے ٹھہر نہیں سکیں گے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1