بجٹ کے بعد پورے ملک میں مہنگائی کا سونامی آ گیا،ولید اقبال

بجٹ کے بعد پورے ملک میں مہنگائی کا سونامی آ گیا،ولید اقبال

  



لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی پولیٹیکل کمیٹی کے ممبرولید اقبال نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس سامنے آنے کے بعد تخت لاہور کے پائے ہل چکے ہیں، وفاقی بجٹ آنے کے بعد پورے ملک میں مہنگائی کا سونامی آ گیا ہے اورحکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ ملک میں(ن) لیگ کی نہیں بلکہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کی حکومت ہے جو غریب عوام سے من مانے ریٹ وصول کر رہے ہیں اور انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ گزشتہ روز اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے ولید اقبال نے کہا کہ (ن) لیگ کی قیادت اپنی تجربہ کار ٹیم اور حکومتی مشینری سمیت منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے سامنے بے بس اور مجبور نظر آ رہی ہے اور عوام کو انکے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ملک میں جنگل کا قانون دکھائی دے رہا ہے ،حکمران عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عابد شیر علی دوسروں پر تنقید کرنے اور جھوٹ بولنے کی بجائے روزہ داروں کو بجلی فراہم کریں اور اپنی زبان کو لگام دیں ورنہ ہم بھی جواب دینے کی پوری طاقت رکھتے ہیں، فیصل آباد اور ملتان میں پولیس گردی کے واقعات نے پنجاب حکومت اور انکی گوڈ گورننس کا آئینہ دکھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام حکمرانوں کی شو بازیوں اور جھوٹ سے تنگ آ چکے ہیں اور ان سے فوری چھٹکارا چاہتے ہیں، قوم تحریک انصاف اور عمران خان کے ساتھ ہے ملک میں آنے والی تبدیلی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1