بوگوٹا، 22سالہ لڑکی گرفتار جو اب تک14افراد قتل کر چکی ہے

بوگوٹا، 22سالہ لڑکی گرفتار جو اب تک14افراد قتل کر چکی ہے

بوگوٹا(مانیٹرنگ ڈیسک) اب تک آپ نے انڈرورلڈ پر بننے والی فلموں میں ہی ایسے خونخوار کردار دیکھے ہوں گے مگر آج ہم آپ کو حقیقت میں ایک 22سالہ لڑکی کے متعلق خبر دینے جا رہے ہیں جو اتنی سی عمر میں 14قتل کر چکی ہے اور اپنے ملک میں ’’خطرناک ترین عورت‘‘ اور ’’شیطان عورت‘‘ جیسے القابات بھی حاصل کر چکی ہے۔ اس خاتون کا نام یوری پیٹریشا سینشیز (Yuri Patricia Sanchez) ہے اور اس کا تعلق جنوبی امریکہ کے ملک کولمبیا سے ہے۔ گزشتہ روز پولیس نے اسے کولمبیا کے شمالی شہر مونٹریا سے گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتاری کے بعد پولیس نے اس کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ایک پولیس افسر اس کے جرائم کی تفصیلات بھی بیان کرتا ہے۔ اس لڑکی کے چہرے کی معصومیت کو دیکھ کر کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ اس نے کبھی مکھی بھی ماری ہو گی مگر جب پولیس آفیسر نے اس کے جرائم کی فہرست پڑھ کر سنائی تو دنیا دنگ رہ گئی۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق یوری پیٹریشا کے ہاتھوں قتل ہونے والوں میں 7پولیس آفیسرز بھی شامل ہیں۔ ابتداء میں یوری پیٹریشا نے سٹریٹ فائٹس میں شہرت پائی جو منشیات کے سمگلروں میں بہت مقبول ہے۔ اس کے بعد اس کا تعارف 2کوبرا گینگز سے ہوا جن کا تعلق منشیات کی سمگلنگ کرنے والے بڑے گینگ اوسوگا کلین (Usuga Clan)سے تھا۔ اوسوگا کلین ایک باقاعدہ پیراملٹری آرگنائزیشن ہے جس کے اراکین کی تعداد 3ہزار سے زائد ہے۔ یہ گروپ بین الاقوامی سطح پر منشیات کی سمگلنگ کرتا ہے۔ اوسوگا کلین کا سربراہ ڈیرو انٹونیو اوسوگا ڈیوڈ (Dairo Antonio Usuga David)تاحال مفرور ہے اور امریکہ نے اس کی مخبری کرنے والے شخص کے لیے 50لاکھ ڈالر (تقریباً 50کروڑ روپے) انعام کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔رپورٹ کے مطابق پولیس جنرل روڈریگو گونزیلیز ہریرا (Rodrigo Gonzalez Herrera)کا کہنا تھا کہ ’’یہ 22سالہ لڑکی کورڈوبا(Cordoba) کے شمال میں سکیورٹی فورسز اور عوام کے خلاف ہونے والے جرائم اور قتل و غارت کے متعلق تمام حقائق جانتی ہے۔یہ ان لوگوں کے قتل کے بارے میں بھی جانتی ہے جنہیں ان کے گروپ میں شمولیت سے انکار پر قتل کر دیا گیا تھا۔ یہ اپنے گروپ کو کسانوں، کاروباری شخصیات و دیگر شہریوں کی اطلاعات بھی دیتی رہی ہے جنہیں بعد میں اس کے گروپ نے نشانہ بنایا۔

مزید : علاقائی