لندن،ایک شخص جہاز کے ٹوائلٹ میں سگریٹ پیتے ہوئے پکڑا گیا

لندن،ایک شخص جہاز کے ٹوائلٹ میں سگریٹ پیتے ہوئے پکڑا گیا

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) ہوائی سفر کے دوران جہاز میں سگریٹ پینا منع ہے کیونکہ اس سے کوئی بھی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے مگر کچھ لوگ پھر بھی باز نہیں آتے۔ جہاز میں چوری چھپے سگریٹ پینے والوں کے لیے ٹوائلٹ محفوظ پناہ گاہ ہوتی ہے۔ گزشتہ روز ایسے ہی ایک شخص جہاز کے ٹوائلٹ میں سگریٹ پیتے ہوئے پکڑا گیا جس پر اسے پرواز کے لینڈ کرتے ہی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ ریان ایئر کی پرواز 4331میں پیش آیا جو سپین کے جزیرے ٹینریف سے مانچسٹر جا رہی تھی۔ ایک مسافر نے مانچسٹر ایوننگ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ’’جب ہم ایئرپورٹ پر اترے تو ہمیں 20منٹ تک جہاز میں ہی بیٹھنے کی تلقین کی گئی۔ اس کے بعد اعلان ہوا کہ ہم پولیس کا انتظار کر رہے تھے کیونکہ جہاز کے عملے نے ایک مسافر کو دوران پرواز ٹوائلٹ میں سگریٹ پیتے ہوئے پکڑا تھا۔ اس کے کچھ دیر بعد جہاز میں پولیس اہلکار آئے اور ایک شخص کو گرفتار کرکے لے گئے۔گریٹر مانچسٹر پولیس کا کہنا تھا کہ ’’ہم نے اس شخص کو وارننگ دے کر رہا کر دیا ہے۔ اب یہ ریان ایئر پر ہے کہ وہ اس شخص کے اپنے ساتھ سفر پر پابندی لگاسکتی ہے۔‘‘

مزید : علاقائی