کراچی، آصفہ بھٹوکا وزیر بلدیات اور شہلا رضا کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ

کراچی، آصفہ بھٹوکا وزیر بلدیات اور شہلا رضا کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی چھوٹی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری نے اتوار کو ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ، جن علاقوں کا دورہ کیا ان میں لیاری ،نیا آباد،چاکیوڑا، آٹھ چوک ، کھارادراور قائد اعظم کی جائے پیدائش وزیر مینشن شامل ہیں ۔آصفہ بھٹو نیا آباد پہنچی اور گاڑی سے اتر کر عوام سے ان کے مسائل معلوم کیے ، اس موقع پر عوام نے آصفہ بھٹو زرداری کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیے اور علاقے میں گندگی و کچرے کے ڈھیر اور پانی کی عدم فراہمی سے متعلق آگاہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو اور ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا بھی موجود تھیں ۔ جام خان شورو نے آصفہ بھٹو کو بریفنگ دی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات سے متعلق آگاہ کیا جس پر آصفہ بھٹو زرداری نے عدم اطمینان کا اظہار کیا اور علاقے میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور گندگی کے ڈھیر پر سخت برہمی کا بھی اظہار کیا۔آصفہ بھٹو زرداری نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مشن روٹی ،کپڑا اور مکان ہے ،پیپلز پارٹی کی حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور عوامی مسائل نچلی او ر محلوں کی سطح پر بر وقت حل ہوں ۔انھوں نے کہا کہ نیاآباد،لیاری،چاکیوڑاہ ،کھاراد کراچی کے قدیم اور کچی آبادی والے علاقوں میں شمار ہوتے ہیں یہاں کے مسائل کے حل کے لیے بھر پور توجہ دیں گے ۔انھوں نے وزیر بلدیات جام خان شورو کو ہدایت کی کہ ان علاقوں میں عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں ۔ آصفہ بھٹو نے کھارا در میں واقع قائد اعظم کی جائے پیدائش وزیر مینشن کا بھی دورہ کیا اور اس کے اطراف میں کچرے کے ڈھیر ہونے پر غم و غصے کا اظہار کیا اور وزیر بلدیا ت کو ہدایت کی کہ یہاں سے فوری طور پر کچرا اٹھوایا جائے اور مستقل بنیاد پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کیے جائیں ۔

مزید :

صفحہ آخر -