ڈاکٹر طاہر القادری دھرنے میں نئے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے،خرم نواز گنڈا پور

ڈاکٹر طاہر القادری دھرنے میں نئے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے،خرم نواز گنڈا پور

لاہور (آن لائن) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ دھاندلی زدہ حکومت آئینی ،اخلاقی،جمہوری اور شرعی طور پر حق حکمرانی کھو چکی ہے ۔سانحہ ماڈل ٹاؤن حکمرانوں کی فرعونیت اور تکبر کی بد ترین مثال ہے ۔چند خاندانوں نے 19 کروڑ عوام کو غلام بنا رکھا ہے ۔17جون مال روڈپر ہونے والے احتجاجی دھرنے میں ڈاکٹر طاہر القادری آئندہ کے لائحہ عمل اور طریقے کار کا اعلان کرینگے،شہدا ماڈل ٹاؤن کا خون رائیگاں نہیں جائیگا ۔ضرب عضب میں افواج پاکستان دہشتگردوں کا خاتمہ کر رہی ہے ،دہشتگردوں کے سیاسی ونگ حکمران ٹولے کا خاتمہ بھی ضروری ہے ۔سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کا قصاص لیا جائیگا ۔سانحہ ماڈل ٹاؤن سیاست کا نہیں انسانیت کا مسئلہ ہے ۔ظلم یہ ہے کہ قاتل دندناتے پھر رہے ہیں اور مظلوموں پر مقدمات درج ہو رہے ہیں ۔شہدا کے وارثوں کو یقین دلاتے ہیں کہ شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا ۔حکمران سانحہ ماڈل ٹاؤن میں براہ راست ملوث ہیں جلد تختہ دار پر ہونگے ۔وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں 17 جون کے دھرنے اور ڈاکٹر طاہر القادری کے استقبال کیلئے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو کر رہے تھے ،اس موقع پر عوامی تحریک کے مرکزی ،صوبائی اور ضلعی رہنماء بھی موجود تھے ۔خر م نواز گنڈا پور نے کہاکہ 17 جون کو تمام سیاسی جماعتوں اور عوام کو یک نکاتی ایجنڈا پر قاتل حکمرانوں کے خلاف مال روڈ پر آ کر ظلم کی رات کے خاتمے کی جدوجہد کرنا ہو گی ۔انہوں نے کہاکہ اگر ان ظالم حکمرانوں کا ظلم نہ روکا گیا تو آج منہاج القرآن پر ظلم ہوا ہے کل کسی اور کی باری ہو گی ۔میاں برادران نے جمہوریت کی بجائے بادشاہت قائم کر رکھی ہے ۔17جون کے دھرنے میں ن لیگ کے سوا تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی گئی ہے ۔جس سیاسی یا مذہبی جماعت کے پاس بھی گئے ہیں انہوں نے حمایت کا یقین دلایا ہے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن پر گہرے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے دھرنے میں شریک ہونے کا وعدہ کیا ہے ۔خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ عوامی تحریک کے شہدا کا خون جلد رنگ لائیگا ۔قوم جلد قاتل حکمرانوں سے نجات حاصل کر لے گی ۔یہ حکمران چند روز کے مہمان ہیں ۔بے گناہوں کے قاتل اور بد عنوان حکمرا ن ملک کیلئے بڑا خطرہ ہیں ،پارلیمنٹ موثر ہوتی تو ٹی او آرز کی تیاری پر حکمران قوم کا مذاق نہ اڑاتے۔ڈاکٹر طاہر القادری 15جون کی صبح وطن واپس پہنچیں گے ۔لاہور ائر پورٹ پر سربراہ عوامی تحریک کا شاندار استقبال کیا جائیگا ۔

مزید : صفحہ آخر