ٹی اوآر کمیٹی میں شامل اپوزیشن رہنماؤں کے پارٹی قیادت سے رابطے ، حکومتی وفد کی سراج الحق سے ملاقات

ٹی اوآر کمیٹی میں شامل اپوزیشن رہنماؤں کے پارٹی قیادت سے رابطے ، حکومتی وفد ...

 اسلام آباد،دبئی (این این آئی) ٹی او آرکی تشکیل کیلئے قائم کردہ پارلیمانی کمیٹی میں شامل اپوزیشن جماعتوں نے اپنی اپنی پارٹی قیادت سے رہنمائی مانگ لی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے شاہ محمود قریشی کو اپوزیشن کے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کردی۔ذرائع کے مطابق اتوار کو بنی گالا میں عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کا مشاورتی اجلاس ہوا ۔ اس موقع پر پاناما لیکس اور ٹی او آر کمیٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران شاہ محمود قریشی نے عمران خان کو ٹی او آر کمیٹی کی اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا جبکہ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاناما دستاویزات پر وزیراعظم اور ان کے اہل خانہ کا احتساب نہیں چاہتی اس لئے اب کمیٹی میں مزید رہنے کا کوئی فائدہ نہیں۔اجلاس کے دوران چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہاکہ پاناما لیکس کا معاملہ دبانے کی حکومتی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے اوراگراس معاملے پر کمیشن نہ بنا تو عید کے بعد سڑکوں پر آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی رویہ مایوس کن ہے جو احتساب سے بھاگ رہی ہے جبکہ حکومت ایک بار پھر شریف خاندان کی کرپشن اور ٹیکس چوری سے عوام کی توجہ ہٹانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ اجلاس کے دوران شاہ محمود قریشی نے منگل کو ہونے والے ٹی او آر کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کرنے یا بائیکاٹ سے متعلق عمران خان سے ہدایت مانگی جس پر عمران خان نے انہیں اپوزیشن کے ساتھ مل کر آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کردی۔واضح رہے کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے ٹرمز آف ریفرنس طے کرنے کیلئے حکومت اور اپوزیشن ارکان پر مشتمل کمیٹی کے 7 اجلاس ہوچکے ہیں تاہم دونوں جانب سے ڈیڈ لاک برقرار ہے ٗ کمیٹی کا آئندہ اجلاس منگل کو اسلام آباد میں ہوگا۔دوسری طرف سابق صدر آصف علی زرداری اور سینیٹر رحمان ملک کے درمیان دبئی میں اہم ملاقات ہوئی جس میں پانامہ لیکس سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات کے دوران رحمان ملک نے آصف علی زرداری کو حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پانامہ لیکس پر پیدا ہونے والے ڈیڈ لاک سے متعلق آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر میں انتخابات اور بیرون ملک پیپلز پارٹی کی تنظیم سازی سے متعلق امور اور ملکی مجموعی سیاسی صورتحال سے آصف علی زرداری کو آگاہ کیا۔رپورٹ کے مطابق آصف علی زرداری نے ٹی او آرز کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی میں پیدا ہونے والے ڈیڈ لاک پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ ڈیڈ لاک جتنا جلدی ختم ہو گا اتنا ہی دونوں فریقین کیلئے بہتر ہے۔

لاہور (خصوصی رپورٹ) خواجہ سعد رفیق اور انوشہ رحمان پر مشتمل حکومتی وفدنے سراج الحق سے ملاقات کی اورٹی او آر کے حوالے سے اب تک کی حکومتی پیشرفت سے آگاہ کیا۔تفصیلات کے مطابق سراج الحق نے حکومتی ٹی او آرپر شدید تشویش کا اظہار کیااور کہاکہ حکومت ٹی او آر کے حوالے سے بالکل سنجیدہ نظر نہیں آتی، ان پر پیدا ہونے والے ڈیڈ لاک کا فوری حل نکالا جائے، کرپٹ عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائی ہانی چاہئے ۔اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حکومت ٹی او آر کے معاملے پر سنجیدہ ہے اور چاہتی ہے کہ کرپٹ عناصر سامنے لائے جائیں ،سعد رفیق نے ترمیم شدہ پندرہ نکات پر مبنی حکومتی ٹی او آر کا مسودہ بھی سراج الحق کو پیش کیا جس میں سب کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی شقیں شامل ہیں۔

مزید : صفحہ اول