شہبازشریف کا پروٹوکول کے بغیر قصورکا دورہ ،عام کو چ میں بھی سفرکیا

شہبازشریف کا پروٹوکول کے بغیر قصورکا دورہ ،عام کو چ میں بھی سفرکیا

  



لاہور(سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بغیر کسی پیشگی اطلا ع قصور کا چارگھنٹے طویل دورہ کیااور دورے کے دوران بغیر پروٹوکول عام کوچ میں سفر کیا۔وزیراعلیٰ کے دورے کے دوران کسی بھی مقام پر ٹریفک نہیں روکی گئی اور وزیراعلیٰ کی کوچ عام ٹریفک کے ساتھ چلتی رہی۔وزیراعلیٰ نے رمضان بازار،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال کے دوروں کے علاوہ نواحی دیہات میں اینٹوں کے بھٹے پر اچانک چھاپہ مارا۔وزیراعلیٰ بغیر پروٹو کول کے عام کوچ میں سفر کر کے رمضان بازار اور ہسپتال پہنچے ۔وزیراعلیٰ نے روزوں کے دوران شدید گرمی اورحبس میں یہ اچانک دورے کیے جس کی کسی کو پیشگی اطلاع نہ تھی۔ وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال کے مختلف وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی اور ان کے لواحقین سے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں اورادویات کی فراہمی کے بار ے دریافت کیا۔وزیراعلیٰ نے وارڈز سے ملحقہ ٹوائلٹس کا بھی معائنہ کیا ۔ مریضوں اور ان کے لواحقین نے وزیراعلیٰ کو اپنے مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا ۔مریضوں اوران کے اہل خانہ نے مسائل کے حل کیلئے فوری احکامات جاری کرنے پر وزیراعلیٰ کو دعائیں دیں ۔ وزیراعلیٰ نے ایک لڑکے کو بھٹے پر کام کرتے دیکھ کراپنے پاس بلایا اور اس کا نام اورعمر پوچھی، لڑکے نے کہا کہ میرا نام علی رضا ہے اورعمر17سال سے زیادہ ہے،اس دوران بھٹہ مالک لڑکے کا برتھ سرٹیفکیٹ بھی لے آیا اور لڑکے کا والد بھی بھٹے پر آگیا۔وزیراعلیٰ نے باپ سے کہا کہ تمہارا کیا نام ہے، اس نے کہا کہ میرا نام چراغ دین ہے جس پر وزیراعلیٰ نے دلچسپ پیرائے میں کہا کہ یہ تو چراغ تلے اندھیرے والی بات ہے جس پروہاں موجود مزدور کھل کھلا کرہنس دےئے۔وزیراعلیٰ نے مزدوروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میری آپ سب سے اپیل ہے کہ بچوں کو سکول بھجوائیں،پنجاب حکومت بچوں کے تعلیمی اخراجات خود برداشت کرے گی۔وزیراعلیٰ نے علی رضا کو بھی تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی۔بھٹہ مزدوروں نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کے حق میں نعرے بھی لگائے اور کہا کہ شہباز شریف نے ہمارے بچوں کے لئے شاندارتعلیمی پیکیج دے کرہماری نسلوں پر احسان کیا ہے۔

مزید : صفحہ اول