بیرو زگاری ختم کرنے کے لئے ٹیکنیکل تعلیم کوفروغ دینا ہوگا ، احمد شفیق

بیرو زگاری ختم کرنے کے لئے ٹیکنیکل تعلیم کوفروغ دینا ہوگا ، احمد شفیق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( خبر نگار)حکومت کو بیروزگاری کے عفریت سے نمٹنے کیلئے ٹیکنیکل تعلیم کوفروغ دینا ہوگا ،حالیہ وفاقی بجٹ میں اس پر فوکس نہ کرنا تشویشناک امر ہے ،سیاحت کے شعبے کو ترقی دے کر پاکستان کی مجموعی آمدنی میں خطیر رقم کا اضافہ کیا جا سکتا ہے لیکن بجٹ میں اس شعبے کو بھی اہمیت نہیں دی گئی ۔ ان خیالات کا اظہار کالج آف ٹور ازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد شفیق نے ’’آئندہ مالی سال کا بجٹ اور توقعات ‘‘کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمیں ملک کی مجموعی آمدنی میں اضافے کیلئے روایتی طریقوں سے ہٹ کر نئے شعبے تلاش کرنا ہوں گے ۔ زراعت اور صنعت کے علاوہ ایسے بہت سے شعبے ہیں جنہیں ترقی دے کر ملک کی مجموعی آمدنی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خوبصورتی کے لحاظ سے اپنا ثانی نہیں رکھتا لیکن بد قسمتی سے مقامی اور بیرون ممالک کے سیاحوں کو اس طرف راغب کرنے کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔


ہر سال ہزاروں پاکستانی سیاحت کیلئے بیرون ممالک سفر کرتے ہیں ،اگر ہم اپنے سیاحتی مقامات کو ترقی دیدیں توا س سے زراعت کے شعبے سے زیادہ آمدنی حاصل کی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال لاکھوں نوجوانوں کو ملازمتوں کا حصول درکار ہوتا ہے ،حکومت کے لئے یہ ممکن نہیں کہ پبلک سیکٹر میں اتنی ملازمتیں فراہم کر سکے اس کے لئے اسے ٹیکنیکل تعلیم کے فروغ کے لئے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔ حالیہ وفاقی بجٹ میں اس پر فوکس نہ کرنا تشویشناک امر ہے ۔ نہ صرف وفاقی بلکہ صوبائی حکومتوں کو بھی ٹیکنیکل تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے ۔