پنجاب حکومت رمضان بازاروں پر توجہ دینے کے ساتھ اوپن مارکیٹ پر بھی توجہ دے، عابد صدیقی
لاہور( نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ساری توجہ رمضان بازاروں پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ اوپن مارکیٹ پر بھی توجہ دے لیں رمضان بازاروں کی ناقص اشیا کو چھوڑ کر عام بازاروں میں جانے والی عوام دکانداروں کے منہ مانگے دام دینے پر مجبور ہیں۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عام آدمی کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو گئی ہے ۔
حکومت کے رمضان المبارک میں سحری و افطاری اور نماز تراویح میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے احکامات و اعلانات ہوا میں معلق ہو گئے ہیں اور اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں کمی کا رمضان پیکج پچک گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کو عوام کے مسائل کا احساس کرنا ہو گا، صرف بیانات سے کام نہیں چلے گا، لوڈشیڈنگ سے سحر ی ، نماز فجر ، افطاری اور نماز تراویح کی عبادت میں خلل پڑ رہاہے۔ واپڈا حکام کا دوسرا ظلم یہ ہے کہ گھروں میں بجلی کے وولٹیج انتہائی کم آرہے ہیں جس سے بجلی سے چلنے والی اشیا کے جلنے سے عوام کا بہت بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہورہاہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ملک میں توانائی کی کمی کو دورکرنے کیلئے سنجیدگی دکھائے۔