حکومت صوبے میں تعلیم و تحقیق کے فروغ کے حوالے سے نہایت سنجیدہ ہے :عنایت اللہ

حکومت صوبے میں تعلیم و تحقیق کے فروغ کے حوالے سے نہایت سنجیدہ ہے :عنایت اللہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ نے کہا ہے کہ آج سے دیر بالا میں انجینئر نگ یونیورسٹی اپنا کام شروع کرے گی اور یونیورسٹی کی مزید ترقی کے لیے سالانہ بجٹ میں خطیر رقم مختص کی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لوکل گورنمنٹ کانفرنس روم پشاور میں دیر بالا انجینئرنگ یونیورسٹی کے قیام سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر افتخار حسین ، چیف پلاننگ افیسر ہائر ایجوکیشن محمد زمان، منصوبہ بندی و ترقیات کے شعیب گیلانی، پراجیکٹ ڈائریکٹر ناصر حسین نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں دیر اپر انجینئر نگ یونیورسٹی کے قیام اور فیکلٹی کی ہر لحاظ سے مکمل پی سی۔1 کی تیاری، زمین اور فنڈ کی فراہمی سے متعلق مختلف امور پر غور و خوص ہوا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یونیورسٹی میں جلد از جلد کلاسسز کا اجراء ہوگا اور علاقے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے مرحلے میں سول اور الیکٹریکل ٹیکنالوجی کے مضامین پڑھائے جائیں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے میں تعلیم و تحقیق کے فروغ کے حوالے سے نہایت سنجیدہ ہے اور اس شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں وسائل کی کمی نہیں ہے ، متعلقہ حکام اور ہنر مند نوجوان صوبے کی تعمیر و ترقی کے لیے تمام تر توانائیاں بروئے کارلا کر موجودہ وسائل سے بھر پور استفادہ کریں۔ عنایت اللہ نے کہا کہ دیر بالا میں یونیورسٹی کے قیام ، سڑکوں اور پُلوں کی تعمیر کے علاوہ سیاحت کے فروغ سے علاقے میں معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ بے روزگار نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع بھی ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیر بالا کے عوام کی محرومیوں کے ازالے کے لیے حقیقی معنوں میں بڑا ترقیاتی منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس سے یہاں کے عوام کو بھرپور فائدہ ملے گا اور ترقیافتہ علاقوں کے عوام کی طرح دیر بالا کے عوام کی معیارِ زندگی بھی بُلند ہوسکے گی