ملتان سمیت مختلف شہروں میں آندھی ‘ کہیں بوند ا باندی ‘ کہیں تیز بارش ‘ موسم خوشگوار

ملتان سمیت مختلف شہروں میں آندھی ‘ کہیں بوند ا باندی ‘ کہیں تیز بارش ‘ موسم ...

  



ملتان ‘ بہاولپور ‘ ہیڈ راجکاں ‘ منڈی یزمان ‘ حاصل پور ‘ راجن پور کلاں ( سپیشل رپورٹر ‘ نمائندگان ) ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں آندھی ‘ کہیں بوندا باندی ‘ کہیں تیز بارشِ ‘ موسم خوشگوار ہوگیا ‘ تیز آندھی کے باعث واپڈا تنصیبات اور آم کے باغات کو جزوی نقصان ہونے کی اطلاعات اس (بقیہ نمبر39صفحہ12پر )

سلسلہ میں ملتان سے سپیشل رپورٹر کے مطابق ملتان سمیت مضافاتی علاقوں میں 16کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی آندھی سے آم کے باغات کو نقصان پہنچا ہے اور کچا پھل گرنے سے پیداوار ضائع ہونے کا خدشہ ہے بہاولپور سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق بہاولپورمیں بارش‘ موسم انتہائی خوشگوارہوگیا گذشتہ شام بہاولپورمیں ہوائیں چلنے لگیں اور رات کے وقت تقریبا9 بجے بادل گھر آئے اور گرج چمک کیساتھ بونداباندی شروع ہوگئی جوکبھی تیزہوجاتی اورکبھی کم ہوجاتی یہ سلسلہ تقریبا ایک گھنٹہ تک جاری رہا جس سے ہرطرف جل تھل ہوگئی اور گرمی کازور ٹوٹنے سے موسم خوشگوار ہوگیا رات کو بادل چھائے رہے جس کے باعث درجہ حررات میں کمی واقع ہوگئی اور دن کے وقت میں بھی سورج کی حدت میں کمی رہی روزہ داروں نے گرمی کی شدت میں کمی سے سکون کاسانس لیا اوردعاکی کہ پورارمضان موسم اسی طرح خوشگوار رہے۔ ہیڈ راجکاں سے نمائندہ پاکستان کے مطابق ہیڈراجکاں اور چولستان میں جھلسا دینے والی گرمی اور سورج سے برستی آگ کے بعد گزشتہ شب انتہائی تیز آندھی آئی اور ہر طرف گردو غبار چھا گیا اور ساتھ ہی بادل بھی گن گرج کے ساتھ نمودار ہوئے اور یزمان ٹیل والا چولستان اور ہیڈراجکاں کے کچھ حصوں میں بارش ہونے کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ۔اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی واقع ہو گئی اور لوگوں کے چہروں پر رونق لوٹ آئی ۔ تیز آندھی کی وجہ سے واپڈا کی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا اور آم کے باغات کو جزوی نقصان ہوا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ہے ۔منڈی یزمان سے نامہ نگار کے مطابق گزشتہ روز یزمان کا درجہ حرارت44ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر جانے پر ہر ذی روح تڑپ اٹھا۔ خالق کائنات کو یہ تڑپ اس قدر پسند آئی کہ افطار سے کچھ دیر قبل ہلکی ہلکی ہوا کے ساتھ آسمان پر ٹکڑیوں کی شکل میں بادل نظر آنے لگے۔ نماز عشاء اور تراویح کے وقت یہ ہوا طوفان کی شکل اختیار کر گئی۔ ابھی فر زندان اسلام تراویح کی ادائیگی میں مصروف تھے کہ رحمت باری کا نزول شروع ہو گیا۔ اور دیکھتے ہی دیکھتے ہر طرف جل تھل ہو گیا۔ شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ بر قی رو معطل ہو گئی۔ ہوا کے طو فان سے آم کی تیار فصل کو زبر دست نقصان پہنچا ہے۔ جبکہ کپاس کے کاشت کار خوش ہیں۔ ادھر نہروں اور سڑکوں پر درخت گرنے سے لکڑی چوروں کی چاندی ہو گئی ہے۔ چو لستان میں بھی دور دور تک بارش کی اطلاعات مو صول ہو ئی ہیں۔حاصل پور سے نامہ نگار کے مطابق حاصل پور میں گزشتہ دو دنوں سے گرد آلود کے ساتھ تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے ۔ جس کے پیش نظر رات گئے تک ٹھنڈی ہوائیں بھی چلتی رہتی ہیں اور درجہ حرارت میں واضح کمی ہوئی ہے ۔ شہریوں افتخار ، منیر ، سہیل ودیگر نے ماہ مقدس میں موسم کے خوشگوار ہونے پر خدا کا شکر ادا کیا ۔ راجن پور سے کلاں سے نمائندہ خصوصی کے مطابق تیزآندھی سے گرنے والے کھمبے اور ٹوٹی ہوئی تاریں تاحال درست نہ ہوسکیں ،چارروزسے بجلی پورے علاقے میں بند،شدیدگرمی اور حبس میں بجلی کے بغیرلوگ شدیدپریشانی کاشکار ، روزہ داروں اور نمازتراویح پڑھنے والے افراد بجلی نہ ہونے سے شدیدپریشان،ڈیرہ مشیر ، کوٹ کرم خان ، کچہ چوہان دیگر اہلیان علاقہ کا واپڈاسب ڈویژن جمالدین والی کے خلاف شدیداحتجاج ،تین چارروزقبل آنے والی تیزآندھی کی وجہ سے جہاں پر باغات کے بیوپاریوں اورمالکان کوکروڑوں کانقصان ہواویہیں پر بجلی بھی شدیدمتاثرہوئی ،کئی جگہوں پرتاریں ٹوٹ گئیں جبکہ کوٹ کرم خان کے نزدیک کھمبے بھی اکھڑگئے جن کوتاحال درست نہیں کیاجاسکاہے ، اہلیان علاقہ منورخان ، سلیم خان ، محمداکرم ، خلیل احمد، منیراحمد، محمدرمضان ، جام اجمل ، ناصرخان ودیگرنے احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب ، ایس ای واپڈارحیم یارخان سے فوری طور پر ان علاقوں کی بجلی بحال کرانے کامطالبہ کیاہے ۔

مزید : ملتان صفحہ آخر