رات گئے آرام باغ کے علاقے میں جوتے کی دکانیں اور گودام لوٹ لیا گیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر) گذشتہ روز آرام باغ پولیس اسٹیشن میں دکان کے مالک محمد شہزاد ولد حافظ محمد ابراہیم کی مدعیت میں درج کروائی گئی ایف آئی آر نمبر : No.147/16 کے مطابق ملزم شیخ ارشاد احمد ولد شیخ ریاض الدین جس کا تعلق علاقے کی ایک تاجر تنظیم جامع الائینس سے بتایا جاتا ہے 5جون کی رات اپنے ساتھی کے ہمراہ جائے وقوعہ پر آیا اور انار کلی مارکیٹ میں واقع اس کی دکان کرن فٹویئر میں سوئے ہوئے ملازم عبدالرحمان سے بزورِ اسلحہ دکان کی چابیاں چھین لیں اور اسے اپنے چار عدد سیکوریٹی گارڈ ز کے حوالے کردیا اور اپنے ساتھی کے ہمراہ دو دکانوں اور گوداموں سے لیڈیز شوز جن کی مالیت 70لاکھ روپے ہے نکال لیا گیا، پولیس نے ملزمان کے خلاف جرم زیرِ دفعہ 342/392/34 ( ت پ) کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے جبکہ تاحال مال کی برآمدگی اور کسی بھی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے، مدعی شہزاد کے مطابق ملزم ایف آئی آر کے اندراج کے بعد اپنے خلاف کارروائی سے بچنے کیلئے مسلسل اپنا اثر و رسوخ استعمال کررہا ہے اور اسے دکان کھولنے سے بھی روکا جارہا ہے، شہزاد نے سندھ کے وزیرِاعلیٰ، گورنر، چیف سیکریٹری اور آئی جی سے اپیل کی ہے کہ اسے انصاف دلایا جائے، مالِ مسروقہ برآمد کرکے ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے، رمضان المبارک کے سیزن میں اسے جس دیدہ دلیری سے قیمتی اثاثے سے محروم کیا گیا ہے وہ سراسر ظلم اور ناانصافی ہے۔