کراچی ،کورنگی میں گھر سے 60سالہ شخص کی لاش برآمد

کراچی ،کورنگی میں گھر سے 60سالہ شخص کی لاش برآمد

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ سے گھر سے50 سے 60سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔پولیس نے مقتول کی گرل فرینڈ کو حراست میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق ابرہیم حیدری تھانے کی حدود کورنگی کراسنگ کے علاقے میں واقع جامع مسجد شمیم کے قریب مکان نمبر342 سے اتوارکی علی الصبح 55/60 سالہ شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی جسے اطلاع ملنے پر پولیس نے تحویل میں لے کر جناح اسپتال منتقل کیا۔پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت خالد جاوید بٹ ولد عبد الرزاق بٹ کے نام سے ہوئی اور وہ گلشن اقبال بلاک 13 ڈی کا رہائشی اور پرا پرٹی کے کاروبار سے وابستہ تھا۔اور مقتول اس سے قبل اورنگی ٹاؤن میں رہائش پزیر تھا۔ابتدائی طور پر تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ مقتول کی حنا زوجہ کلیم اختر نامی خاتون سے کافی عرصے سے دوستی اور اس کے گھر پر آنا جانا تھا اور یہ گزشتہ شب بھی حنا کے گھر اس سے ملنے کے لیئے آیا تھا۔جہاں حنا کے شوہر کلیم اختر نے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر اسے تشدد کے بعد سر پر لوہے کی راڈ مار کر قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ حنا نے بھی ملزم کلیم اختر سے کچھ عرصہ قبل ہی شادی کی تھی ۔پولیس نے حنا نامی خاتون کو حراست میں لے لیاہے جبکہ اس کے شوہر ملزم کلیم اختر اور اس کے دوستوں کی تلاش کے ساتھ ساتھ واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر