چارسدہ ،تاجروں پر قاتلانہ حملوں کیخلاف تاجر اتحاد نے احتجاج کی دھمکی دیدی

چارسدہ ،تاجروں پر قاتلانہ حملوں کیخلاف تاجر اتحاد نے احتجاج کی دھمکی دیدی

  



چارسدہ (بیورو رپورٹ) چارسدہ شہر میں آئے روز تاجروں پر قاتلانہ حملوں اور پولیس کی ناکامی کے خلاف تاجر اتحاد نے احتجاج کی دھمکی دے دی ۔ ایک طرف سول انتظامیہ تاجروں سے مختلف طریقوں سے بھاری بھرکم جرمانے وصول کر رہے ہیں جبکہ دوسری طرف تاجر برادری عدم تحفظ کا شکا رہیں۔چارسدہ پولیس امن ا مان قائم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ لعل محمد لعل ۔ تفصیلات کے مطابق تاجر اتحاد کا ہنگامی اجلا س زیر صدارت سینئر نائب صدر لعل محمد لعل منعقد ہوا۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری افتخار حسین صراف ،پریس سیکرٹری حبیب ٹیلر ،ارشاد علی ،جہانزیب زرگر ،سمیع اللہ ،عبدالرؤف ،مسافر خان ،جعفر شاہ اورنوشہرہ روڈ سے کثیر تعداد میں تاجروں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں نوشہرہ اور پشاور روڈ پر دن دہاڑے تاجروں کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ۔اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے لعل محمد لعل اور دیگر نے کہاکہ چارسدہ پولیس امن و امان قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ۔ بازاروں میں ہر طرف افراتفری اور بد امنی پھیل چکی ہے ۔ تاجروں کو سر عام قتل کیا جا رہا ہے ۔ مقررین نے کہاکہ ایک طرف سول انتظامیہ تاجروں سے مختلف طریقوں سے بھاری بھرکم جرمانے وصول کر رہے ہیں جبکہ دوسری طرف طرف تاجر عدم تحفظ کا شکا ر ہیں۔ مقررین نے دھمکی دی کہ اگر پولیس نے تاجروں کے قتل میں ملوث افراد کو گرفتار نہ کیا تو تاجر اتحاد چارسدہ پولیس کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کریگی جس کی تمام تر ذمہ داری سٹی پولیس پر عائد ہو گی ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر