عوام حکومت سے نا امید ہو چکے،بجٹ نے بچی کھچی امیدیں بھی ختم کر دیں ‘عبدالعلیم خان
لاہور(این این آئی ) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عوام موجودہ حکومت سے مکمل طور پر نا امید ہو چکے ہیں اور غریب کُش بجٹ نے بچی کھچی امیدیں بھی ختم کر دی ہیں حکمرانوں کو اپنے لندن میں اثاثوں اورسیاسی وراثت بچانے کی فکر لا حق ہے اور انہیں عام آدمی کی رتی برابر پرواہ نہیں ۔عبدالعلیم خان نے این اے122کی یونین کونسل 172بی بی پاکدامن کے علاقے میں پینے کے صاف پانی کے پلانٹس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گڈ گورننس کا دعوی کرنے والوں کے تمام اقدامات ناکام ہو چکے ہیں اور اب وزیر اعلیٰ خود اُن رمضان بازاروں میں آلو ٹماٹر کا معائنہ کر رہے ہیں جو سراسر فراڈ ہیں عبدالعلیم خان نے کہا کہ صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے اور اربوں روپے کی اورنج لائن ٹرین والے علاقوں میں لوگو ں کو زندگی کی بنیادی سہولتیں بھی حاصل نہیں ۔اپنے خطاب میں ایم پی اے شعیب صدیقی نے کہا کہ جعلی سپیکر کے حلقے میں پینے کا گنداپانی حکمرانوں کیلئے ڈوب مرنے کا مقام ہے جو 14سال کی نمائندگی کے بعد لوگوں کو جراثیم آلودہ اور زہریلا پانی دے رہے ہیں کونسلر آغا ناصر پی ٹی آئی کے رہنماؤں جاوید یوسف ،حافظ رضوان ،چوہدری رشید ،فرخ صدیقی ،اقرار خان ،حافظ عامر اور محمد علی نے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کی طرف سے ہر یونین کونسل میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کو خوش آئند قرار دیا جبکہ لوگوں کی بڑی تعداد نے عبدالعلیم خان اور محمد شعیب صدیقی کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے گُل پاشی کی اور اُن کے حق میں نعرے لگائے ۔