سٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لئے بنائی گئی ڈولفن فورس کو بھی رشوت لینے کی لت پڑ گئی

سٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لئے بنائی گئی ڈولفن فورس کو بھی رشوت لینے کی لت پڑ ...
 سٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لئے بنائی گئی ڈولفن فورس کو بھی رشوت لینے کی لت پڑ گئی

  

 لاہور (این این آئی )سٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لئے بنائی گئی ڈولفن فورس کو بھی رشوت لینے کی لت پڑ گئی ، منشیات فروش سے مبینہ طور پر 90ہزار روپے رشوت لینے والے ڈولفن فورس کے 4اہلکار وں کو معطل کر کے انکوائری شروع کر دی گئی ، پولیس نے منشیات فروش قیصر کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ،انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے بھی نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ۔ بتایا گیا ہے کہ ماڈل ٹاﺅن لنک روڈ بیٹ کی ڈولفن ٹیم نے چند ہفتے قبل دوران گشت قیصر عرف کاکا نامی منشیات فروش کو پکڑا جس سے ڈیڑھ کلو منشیات برآمد ہوئی۔ ڈولفن اہلکاروں نے ملزم کو تھانے منتقل کرنے کی بجائے اس سے مبینہ طور پر 90ہزار روپے رشوت لے کر چھوڑ دیا اور اپنی ڈیوٹی کے دوران منتھلی کے عوض منشیات فروخت کرنے کی ڈیل کرلی ۔ ملزم کے ساتھیوں نے رشوت لینے والے ڈولفن اہلکاروں کی شکایت کر دی جس پر ایس پی مجاہد نے چاروں اہلکاروں کو معطل کر دیا۔ ایس پی مجاہد قرار حسین نے ڈولفن اہلکار شہباز سلیم، محمد افضل، عامر اور محمد شہباز کے خلاف انکوائری کی ہدایت کی ہے۔ پولیس نے منشیات فروش قیصر کو بھی گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ دوسری جانب آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور کو انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا ہے ۔

مزید : لاہور