’یہ شارجہ میں میرا پہلا رمضان ہے، یہاں پر رمضان پاکستان سے بہت مختلف ہے کیونکہ۔۔۔‘ متحدہ عرب امارات جانے والے پاکستانی نوجوان نے انتہائی دلچسپ بات کہہ دی
شارجہ (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے شہر سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والا نوجوان ابرار جاوید اس سال متحدہ عرب امارات میں اپنا پہلا رمضان المبارک گزاررہا ہے۔شارجہ میں رمضان کی بہاریں دیکھ کر ابرار جاوید کچھ زیادہ ہی حیران رہ گیا ہے اور یہ کہنے پر مجبور ہوگیا ہے کہ ”یہ فیاض اور سخی لوگوں کا ملک ہے۔“
معروف سعودی اداکارہ نے اچانک بیچ بازار سٹال لگالیا اور ایسی چیز کاٹ کاٹ کر بیچنے لگی کہ دور دور سے لوگ دیکھنے کیلئے آنے لگے
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ابرار جاوید نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ”میں شارجہ میں مقیم ہوں اور رمضان کے دوران میں یہاں بے شمار خیمے دیکھ سکتا ہوں جہاں ضرورت مندوں اور غریبوں کو مفت افطاری کروائی جاتی ہے۔ اس منظر نے مجھے واقعی حیران کردیا ہے اور زندگی کے بارے میں مجھے نئی امید دی ہے۔ میں متحدہ عرب امارات معاشی وجوہات کی بناءپر آیا تھا۔ یہ ملک ہر کسی کیلئے مواقع فراہم کرتا ہے۔ یہ برکت والا ملک ہے کیونکہ اس کے لوگ اور حکومت ہر کسی کا خیال رکھتے ہیں، ان کا بھی جو یہاں کے باشندے نہیں ہیں۔ میں اس صاف ستھری، خوبصورت اور پرامن جگہ پر آتے ہی اس کی محبت میں مبتلا ہوگیا تھا۔ یہاں میرا پہلا رمضان ہے اور یہ تجربہ پاکستان سے بہت مختلف ہے۔ یہاں رمضان کے دوران دن کے اوقات میں زندگی کی رفتار قدرے سست پڑجاتی ہے اور دکانوں، ریستورانوں اور مارکیٹوں و دفاتر کے اوقات بھی تبدیل ہوجاتے ہیں۔ یہاں ضرورتمندوں اور غریبوں کا بے حد خیال رکھا جاتا ہے اور انہیں انواع و اقسام کی پرلطف اشیاءسے افطاری کروائی جاتی ہے۔ پاکستان میں بھی ایسا ہوتا ہے لیکن یہاں کی بات کچھ اور ہی ہے۔ وہاں بھی رمضان میں غریبوں کی مدد کرنے والے اور انہیں کھانا، مشروبات و کھجوریں دینے والے لوگ بہت ہیں لیکن یہاں میں نے یہ جذبہ عروج پر دیکھا ہے۔“