چینی و فد کی نیوٹیک ہیڈ کوارٹرز میں ایگزیکٹوڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ سے ملاقات

چینی و فد کی نیوٹیک ہیڈ کوارٹرز میں ایگزیکٹوڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ سے ...

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اور چین کے مابین فنی شعبے میں تعاون بڑھانے، تھنک ٹینکس کے تبادلے اور پاک چین اقتصادی راہداری کے مختلف منصوبوں کے حوالے سے شن جین کے تھنک ٹینک ایسوسی ایشن کے صدر سیکانگ دُو کی سربراہی میں 9 رکنی چینی وفد نے پیر کو نیوٹیک ہیڈ کوارٹرز میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ سے ملاقات کی۔ وفد میں سی پیک کے خصوصی اقتصادی زون کی تحقیق کے تھنک ٹینک چیئرمین گلوبل انلیٹیجنٹ مینو فیکچرنگ ، وائس چیئرمین لی ان شو ٹیکنالوجی سمیت دیگر اراکین بھی شامل تھے۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک نے اجلاس میں موجود شرکاء کو حالیہ اصلاحات و سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرے گا اور ملکی خوشحالی اور ترقی کی نئی راہیں کھولے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کی لازوال یادگار رہے گا جس سے پورے ریجن کے افراد مستفید ہوں گے۔ انہوں نے پاکستان میں ٹی وٹ نظام کو فعال بنانے کیلئے دونوں ممالک کے مابین اشتراک کو بڑھانے پر زور دیا۔ اجلاس میں پاکستان کے فنی شعبے کی بہتری اور تربیت کی فراہمی سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں پاکستان کے نوجوانوں میں ذہانت کی بنیاد پر جدت طرازی کو فروغ دینے، سمارٹ فیکٹری بنانے جیسی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے اور روبوٹس مینو فیکچرنگ جیسے فنون میں تربیت کی فراہمی جیسے مقاصد شامل ہیں۔

چینی وفد نے نوجوانوں کی تربیت کیلئے پاکستان میں سینٹرز آف ایکسیلینس قائم کرنے، موجودہ تربیتی اداروں کو جدید آلات سے آراستہ کرنے، مطالعاتی دوروں کا انتظام کرنے، ٹرینرز کی تربیت فراہم کرنے اور چینی زبان کے کورسز شروع کرانے میں اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مزید : کامرس